العُلا کے قدرتی مسکن میں افزائش، عربی تیندوے کو بچانے کے لیے کوششوں میں نمایاں پیشرفت
عربی تیندوے کے لیے، جو جزیرہ نمائے عرب میں جنگلی حیات کی مشہور ترین علامتوں میں سے ایک ہے، تحفظ کا ایک جامع نظام انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے۔
اس نظام کے تحت مختلف اقدامات کے ذریعے تیندوے کی زندگی کے ہر مرحلے میں اُس کی نسل کی افزائش اور طبی نگہداشت کے خصوصی پروگرام شامل ہیں۔ اِن کوششوں سے تیندوے کی بقا اور طویل عمری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور اُسے اپنے قدرتی مسکن سے دوبارہ متعارف کرانے کے انیشیٹیوز میں مدد ملتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تیندوے کے تحفظ کا یہ عمل اُس کی ابتدائی عمر سے شروع ہو جاتا ہے اور نشو و نما کے مختلف مراحل سے گزرتا ہوا ہوا اُس جانور کی عمر کے آخری حصے تک جاری رہتا ہے۔ اِس سفر میں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر تیندوے کی دیکھ بھال کی جاتی ہے اور اُس کی صحت کی مسلسل نگرانی ہوتی ہے۔
جب تیندوے کی عمر تین سے چار سال کے درمیان ہوتی ہے تو اُس کی افزائشِ نسل کے پروگرام شروع کیے جاتے ہیں۔ اِس عمل کو سائنسی معیارات پر پرکھا جاتا ہے جس میں جینیاتی تنوع، صحت اور تیندوے کے رویے کی خصوصیات پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اِن اقدامات سے عربی تیندوے کی آبادی کو دیرپا بنانے میں مدد ملتی ہے۔

تیندوے کی نگہداشت کے نظام میں جانوروں کے ڈاکٹر کی نگرانی، باقاعدگی کے ساتھ طبی معائنے اور لیبارٹری کے تجزیوں سے مدد لی جاتی ہے۔ عمر بڑھنے کی وجہ سے ناتواں تیندووں کی صحت و سلامتی اور اُن کی زندگی کی کوالٹی بہتر رکھنے پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔
ان کوششوں کے باعث جانوروں اور پودوں کے کثرت سے ایک مقام پر یکجا ہونے پر پیدا ہونے والے ماحولیاتی تنوع کے تحفظ میں مدد ملتی ہے اور معدومیت کے خطرے کا شکار جانوروں کی مختلف انواع کی بقائے حیات کی کوششوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

العلا کا رائل کمیشن، ایسے جدید سائنسی پروگراموں اور معیاری انیشیٹیوز کے ذریعے عربی تیندوے کو تحفظ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے جو جنگلی حیات کو بچانے کی مربوط کوششوں کو نمایاں کرتے ہیں۔
یہ کوششیں ’سعودی وژن 2030‘ کے اہداف سے مطابقت رکھتی ہیں جن کا مقصد حیاتیاتی تنوع میں اضافہ، ماحولیات کی بحالی اور معدومیت کے خطرے سے دوچار انواع کے تحفظ اور اُن کی افزائشِ نسل کے لیے بہترین اقدامات پر مملکت کو ایک عالمی ماڈل کی حثییت میں دنیا کے سامنے مضبوط بنانا ہے۔