الباحہ: پرنس حسام پارک کا گلاس برج ملکی اور غیرملکی سیاحوں کا پسندیدہ مقام
اس موسم گرما میں الباحہ ریجن کا پرنس حسام پارک سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کی خاص بات سٹریٹیجک محل وقوع اور دلفریب مناظر ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ پارک الباحہ شہر اور تہامہ کی چوٹیوں کا نظارہ پیش کرتا ہے۔ یہاں سے پہاڑوں، وادیوں اور بادلوں کے دلکش نظارے دیکھے جا سکتے ہیں۔ بادل، پہاڑی چوٹیوں سے ہم آغوش ہو کر خطے کی قدرتی خوبصورتی اور جغرافیائی تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔
پارک میں موجود معلق پل منفرد خصوصیات میں سے ایک ہے۔ سٹیل اور شفاف شیشے کے پینل سے تیار کیا گیا یہ پل 85 میٹر طویل ہے جبکہ زمین سے اس کی بلندی 40 میٹر سے زیادہ ہے۔
یہ پل مہم جوئی اور تفریح کے شوقین افراد کو گھنے پودوں، سبزہ زار، پہاڑی ڈھلوانوں اور الباحہ کی مشہور گھاٹی کے دلکش مناظر کو دیکھتے ہوئے شیشے کی سطح پر چلنے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
پارک کی اہمیت محض اس کے قدرتی نظاروں تک محدود نہیں بلکہ یہ موسم گرما کی تقریبات اور سرگرمیوں کا بھی اہم مرکز بن چکا ہے۔
فیملیز کے لیے تفریحی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں جبکہ گھریلو صنعتوں سے وابستہ خاندانوں کے لیے خصوصی زون ہیں، جہاں وہ علاقائی دستکاری پیش کرتے ہیں۔
پرنس حسام پارک 161 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔ 80 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر سبزہ زار، 600 میٹر طویل واکنگ ٹریک کے علاوہ 1200 مربع میٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ایک مصنوعی جھیل بھی موجود ہے۔

پارکنگ کے لیے وسیع و عریض جگہ مختص ہے جہاں 600 گاڑیاں بیک وقت پارک کی جا سکتی ہیں۔
پارک کے مرکزی چوراہے پر 5 ہزار مربع میٹر رقبے پر انٹرایکٹیو فوارہ نصب کیا گیا ہے جبکہ ایک اوپن ایئر تھیڑ بھی ہے جس میں ایک ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
