Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: سعودی عرب اور کیپ ورد کا میچ برابر، گرین فالکنز کے سفر کا اختتام

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سنیچر کی صبح ہیوسٹن سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا سعودی عرب اور کیپ ورد کا اہم میچ 0-0 سے برابر رہا۔
میچ کے آخری منٹوں میں کیپ ورد  نے جارحانہ انداز اختیار کیا تاہم سعودی گول کیپر محمد الاویس نے ایک یقینی گول ہونے سے بچا لیا۔
میچ برابر ہونے کے بعد گرین فالکنز کی 2026 ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 تک پہنچنے کی امیدیں ختم ہوگئیں، ان کے ورلڈ کپ کے سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
سعودی عرب اور کیپ ورد کا میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں 68 ہزار 278 افراد موجود تھے، سعودی شائقین کی بڑی تعداد بھی گرین فالکنز کی سپورٹ کے لیے سٹیڈیم پہنچی تھی۔
امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما اور سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے بھی میچ دیکھا۔
سعودی عرب کو راؤنڈ آف 32 میں پہچنے کے لیے کیپ ورد کے خلاف فتح درکار تھی۔ گرین فالکنز کے اب دو پوائنٹ ہیں اور وہ گروپ میں چوتھے نمبر پر  جبکہ کیپ ورد تین پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اسی گروپ میں سپین 7 پوائنٹ کے ساتھ  سرفہرست ہے جبکہ یوروگوائے دو پوائنٹ کے ساتھ  تیسرے نمبر پر ہے۔
کیپ ورد کے خلاف اہم میچ  کے لیے سعودی ٹیم میں سلطان مندش اور نواف بوشل کو پہلی مرتبہ ٹیم میں شامل کیا گیا، یہ ان کا ورلڈ کپ کا پہلا میچ ہے۔
سعودی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ محمد الاویس (گول کیپر)، حسان تمبکتی، علی لا جامی، سعود عبدالحمید، عبداللہ الخیبری، نواف بوشل، ناصر الدوسری، محمد کنو، سلطان مندش، سالم الدوسری( کپتان) اور فراس البریکان۔

سعودی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ جورجیوس ڈونِس نے میچ سے قبل کہا کہ ’کیپ ورد کے خلاف میچ ایک سخت چیلنج ہوگا تاہم سعودی ٹیم فتح حاصل کرنے، فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنانے اور سعودی شائقین کو فخر دلانے کے لیے پُرعزم ہے۔‘
 ڈونِس کا کہنا تھا ’کیپ ورد ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس نے سپین اور یوروگوائے کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ ہم ایک فیصلہ کن میچ کا سامنا کر رہے ہیں جس میں ہمیں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے، ذہنی طور پر مکمل فوکس رکھنے اور میدان میں بھرپور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ یہی ہمارا ہدف ہے۔‘

شیئر: