Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور افغانستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ریکٹر سکیل پر شدت 6 ریکارڈ

شمالی افغانستان کے ہندوکش پہاڑی سلسلے کے علاقے میں ہفتے کے روز شدید زلزلہ آیا، جس کے جھٹکے کابل سے لے کر پڑوسی ملک پاکستان تک محسوس کیے گئے۔
 خبر رساں ادارے روئٹرز نے یورپی بحیرۂ روم زلزلہ پیما مرکزکے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔ تاہم امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق افغانستان میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.1  تھی۔
روئٹرز کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقے سوات (خیبر پختونخوا) میں رہائشیوں نے بتایا کہ زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ مقامی رہائشی دانیال احمد کے مطابق یہ جھٹکے نہایت شدید اور طویل دورانیے کے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’یہ سوات میں بہت شدید تھا اور کافی دیر تک محسوس ہوتا رہا۔ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور خواتین و بچے خوف کے عالم میں روتے ہوئے دکھائی دیے۔‘ زلزلے کی گہرائی 100 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان تھا۔
دوسری جانب پاکستان کی محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں  زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح سمیت پشاور، چنیوٹ، سرگودھا، اٹک، جہلم اور دیگر کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

شیئر: