سعودی عرب کی بحرین کو نشانہ بنانے والے ایرانی ڈرون حملوں کی مذمت
بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے سنیچر کی صبح بحرین کو نشانہ بنانے والے ایرانی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس حملے سے خطے میں سلامتی اور استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا۔‘
بیان میں سعودی عرب نے بحرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، اس کی خود مختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کےلیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
بحرین نے ایران کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی سرزمین پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔
بحرین کا کہنا تھا ’ وہ اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔‘
اس سے قبل ایران نے بتایا تھا کہ اس نے خطے میں امریکی افواج سے منسلک اہداف کے خلاف حملے کیے تاہم اس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
