Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹائر پنکچر ہوا اور اب میں خودمختار نہیں رہنا چاہتی‘، دنانیر مبین کا مذاق سوشل میڈیا پر زیر بحث

اداکارہ نے گاڑی کا ٹائر پنکچر ہونے پر پوسٹ کی جس پر انٹرنیٹ صارفین نے بحث شروع کی۔ (فوٹو: انسٹاگرام، دنانیر مبین)
پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا سٹار دنانیر مبین ایک انسٹاگرام سٹوری کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی ہیں، جہاں ان کے ایک ہلکے پھلکے مذاق نے صارفین کو دو مختلف گروہوں میں تقسیم کر دیا  ہے۔
دنانیر نے بتایا کہ ان کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہو گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے مدد کے لیے ریسکیو سروس سے رابطہ کیا۔
مسئلہ حل ہونے کے بعد انہوں نے انسٹاگرام سٹوری میں مزاحیہ انداز میں لکھا کہ 'ٹائر پنکچر ہونے کے بعد اب میرا آزاد اور خودمختار رہنے کا دل نہیں چاہتا، بس کوئی لاڈ پیار کرے، خیال رکھے اور میں جنگل میں گھومتی پھروں اور بنانا بریڈ بناؤں۔'
بعد ازاں انہوں نے مدد کرنے والی ریسکیو ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
 
تاہم یہ سٹوری وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا کے متعدد اکاؤنٹس پر شیئر ہوئی جہاں صارفین نے اس پر نئی بحث چھیڑ دی۔
کچھ صارفین نے اسے صرف ایک مذاق قرار دیتے ہوئے دنانیر کے انداز کو پسند کیا، جبکہ بعض نے کہا کہ اگر کوئی خاتون خود گاڑی چلاتی ہے تو اسے ٹائر تبدیل کرنا بھی آنا چاہیے۔
دوسری جانب کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ کسی سے مدد لینا یا کسی موقع پر دوسروں پر انحصار کرنا خودمختاری کے خلاف نہیں، جبکہ کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایک مزاحیہ پوسٹ کو غیر ضروری سنجیدگی سے کیوں لیا جا رہا ہے۔
دنانیر مبین 2021 میں اپنی وائرل ویڈیو 'پاوری ہو رہی ہے' کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، جس کے بعد انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا۔ وہ 'صنفِ آہن'، 'محبت گمشدہ میری' اور 'میم سے محبت' جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث خوب سراہیں گئیں۔
حال ہی میں وہ فلم 'میرا لیاری' کے ذریعے بڑی سکرین پر بھی ڈیبیو کر چکی ہیں، جبکہ جلد ہی وہ نئے ڈرامے 'حرمت' میں بھی دکھائی دیں گی۔

شیئر: