Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ پر اب فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں، یوزرنیم فیچر کیا ہے؟

واٹس ایپ کے مطابق صارفین کے لیے منفرد یوزرنیم متعارف کرائے جا رہے ہیں۔(فوٹو:واٹس ایپ)
دنیا بھر میں تین ارب سے زیادہ صارفین رکھنے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین اب اپنا فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
میٹا کی ملکیت واٹس ایپ کے مطابق صارفین کے لیے منفرد یوزرنیم متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ صارفین رواں ہفتے سے اپنے یوزرنیم محفوظ (ریزرو) کر سکیں گے، جبکہ یہ فیچر مرحلہ وار رواں سال کے دوران تمام صارفین تک پہنچایا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد لوگوں کو زیادہ نجی اور محفوظ انداز میں رابطہ کرنے کی سہولت دینا ہے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب وہ کسی نئے شخص سے بات کرنا چاہتے ہوں لیکن اپنا ذاتی فون نمبر شیئر نہ کرنا چاہتے ہوں۔
واٹس ایپ کے سربراہ کنال شاہ نے بھی ایکس پر اس اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے فیچر کے باضابطہ اجرا سے پہلے ہی اپنا یوزرنیم محفوظ کر لیا ہے۔
انہوں نے لکھا، ’صحیح وقت بہت اہم ہوتا ہے۔ میں نے واٹس ایپ پر اپنا یوزرنیم پہلے ہی محفوظ کر لیا ہے۔ اب آپ کی باری ہے۔ واٹس ایپ پر رابطے کا ایک زیادہ نجی طریقہ جلد آ رہا ہے۔‘
واٹس ایپ نے اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ لوگ اکثر کسی نئے کلاس فیلو، پڑوسی یا کسی تقریب میں ملنے والے شخص کو اپنا فون نمبر دینے میں ہچکچاتے ہیں، کیونکہ فون نمبر ایک ذاتی شناخت ہے اور زندگی کے کئی اہم حصوں سے جڑا ہوتا ہے۔ جیسا کہ بعض اوقات لوگ صرف بات چیت کرنا چاہتے ہیں، اپنا نمبر نہیں دینا چاہتے۔
کمپنی کے مطابق یہی مسئلہ گروپ چیٹس میں بھی پیش آتا ہے، جہاں کئی صارفین اجنبی افراد کے سامنے اپنا فون نمبر ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔
اسی لیے اب ہر صارف ایک منفرد یوزرنیم منتخب کر سکے گا، جس کے ذریعے دوسرے لوگ اس سے رابطہ کر سکیں گے۔ اگر پسندیدہ یوزرنیم پہلے سے کسی اور نے لے رکھا ہو تو واٹس ایپ متبادل نام بھی تجویز کرے گا۔

رازداری کے حوالے سے واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یوزرنیمز کی کوئی عوامی فہرست یا ڈائریکٹری موجود نہیں ہوگی۔(فوٹو:واٹس ایپ)

واٹس ایپ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسا یوزرنیم منتخب کریں جو صرف انہی لوگوں کو معلوم ہو جن سے وہ رابطہ رکھنا چاہتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ کریئیٹرز، چھوٹے کاروبار اور مختلف ادارے وہی یوزرنیم استعمال کر سکیں گے جو وہ پہلے سے انسٹاگرام یا فیس بک پر استعمال کر رہے ہیں، تاکہ میٹا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ان کی ایک جیسی شناخت برقرار رہے۔
رازداری کے حوالے سے واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یوزرنیمز کی کوئی عوامی فہرست یا ڈائریکٹری موجود نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی کو یوزرنیم کی تجاویز دکھائی جائیں گی۔ کسی شخص سے رابطہ کرنے کے لیے اس کا درست یوزرنیم معلوم ہونا ضروری ہوگا۔


کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر مرحلہ وار مختلف ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔(فوٹو:واٹس ایپ)

اس کے علاوہ کمپنی ایک اضافی حفاظتی فیچر ’یوزرنیم کی‘ بھی متعارف کرا رہی ہے، جسے صارف اپنی مرضی سے فعال کر سکیں گے۔
 اس صورت میں کسی نئے شخص کا پہلا پیغام موصول ہونے سے پہلے ایک منفرد سکیورٹی کی درکار ہوگی، جس سے رازداری مزید بہتر ہو جائے گی۔
واٹس ایپ کے مطابق صارفین ایپ کو تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ کرنے کے بعد سیٹنگ، اکاونٹ اور پھر یوزرنیم میں جا کر اپنا یوزرنیم محفوظ کر سکیں گے۔ 
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر مرحلہ وار مختلف ممالک میں متعارف کرایا جائے گا، اور جب یہ کسی ملک میں دستیاب ہوگا تو صارفین کو ایپ کے اندر نوٹیفکیشن بھی موصول ہوگا۔
 

شیئر: