Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ پلس متعارف، نئی سبسکرپشن سروس کی قیمت اور فیچرز کیا ہوں گے؟

واٹس ایپ پلس میں منفرد سٹیکرز، ایپ تھیمز، آئیکنز اور رنگ ٹونز شامل ہوں گے۔(فوٹو:اے ایف پی)
میٹا کی زیلی کمپنی واٹس ایپ نے ’واٹس ایپ پلس‘ کے نام سے ایک نئی پریمیم سبسکرپشن سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین کو اضافی فیچرز اور ڈیزائن آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق اس نئی سروس میں صارفین کو ڈیکوریٹو تھیمز کے ساتھ ساتھ یہ سہولت بھی ملے گی کہ وہ ایک وقت میں 20 چیٹس کو پن کر سکیں گے، جو کہ عام ورژن کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
یہ سبسکرپشن اس وقت متعارف کروائی جا رہی ہے جب واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ وہ اپنے چیٹ ایپس اور فیس بک میں پریمیم فیچرز شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ 
واضح رہے کہ میٹا نے مارچ میں انسٹاگرام کے لیے بھی اسی نوعیت کی سبسکرپشن کی آزمائش شروع کی تھی۔
واٹس ایپ کے سپورٹ پیجز کے مطابق ’واٹس ایپ پلس‘ میں منفرد سٹیکرز، ایپ تھیمز، آئیکنز اور رنگ ٹونز شامل ہوں گے۔ 
اس کے علاوہ صارفین اپنی چیٹ لسٹس کو اپنی مرضی کے مطابق الرٹس، رنگ ٹونز اور تھیمز کے ذریعے کسٹمائز بھی کر سکیں گے۔
ابھی تک اس سروس کی قیمت یا کن ممالک میں یہ دستیاب ہوگی، اس بارے میں باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
تاہم واٹس ایپ اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں اس کی ماہانہ قیمت تقریباً 2.49 یورو جبکہ میکسیکو میں 29 ڈالر ماہانہ دیکھی گئی ہے۔
میٹا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ پلس کا محدود پیمانے پر آغاز صارفین کی رائے حاصل کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہ فیچرز واقعی صارفین کے لیے مفید ثابت ہوں۔
انہوں نے کہا، ’واٹس ایپ ایک نئی، اختیاری سبسکرپشن کی آزمائش کر رہا ہے جس کا مقصد صارفین کو اپنے تجربے کو مزید منظم اور ذاتی نوعیت دینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس میں اضافی پنڈ چیٹس، کسٹم لسٹس، نئے چیٹ تھیمز سمیت دیگر فیچرز شامل ہیں۔‘ 
’ہم ابتدائی طور پر محدود پیمانے پر اس کا آغاز کر رہے ہیں تاکہ صارفین کی رائے حاصل کی جا سکے۔‘
یہ نئی پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دیگر چیٹ ایپس بھی اپنی سروسز سے آمدن حاصل کرنے کے لیے نئے طریقے اپنا رہی ہیں۔ 
سگنل نے حال ہی میں دو ڈالر ماہانہ کا محفوظ بیک اپ فیچر متعارف کرایا ہے، جبکہ ٹیلیگرام 2022 میں اپنی سبسکرپشن سروس شروع کر چکا ہے۔
 

شیئر: