Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 لاہور: باغبانپورہ میں نجی سکول کی چھت گرنے سے ایک اور بچے کی جان چلی گئی، متعدد زخمی

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زیر تعمیر عمارت کی تیسری منزل کی چھت گر گئی (فوٹو: ریسکیو 1122)
لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں جمعرات کو ایک نجی سکول میں قائم سمر کیمپ کی چھت گرنے سے ایک بچے کی موت ہوگئی  جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ 
ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران 10 سے زائد بچوں کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دوپہر 12 بج کر 12 منٹ پر باغبانپورہ میں ویمن کالج روڈ کے قریب چھت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی سات ایمرجنسی گاڑیوں اور 25 اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق زیر تعمیر عمارت کی تیسری منزل کی چھت گر گئی۔ حادثے میں 10 سال کا عبداللہ  دم توڑ گیا ہوا جبکہ 35 سالہ ندیم، 38 سالہ شکیل، 32 سالہ فیاض احمد اور 42 سالہ وسیم زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو کے مطابق عینی شاہدین نے ایک اور شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع دی جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا۔ حکام کے مطابق کمرے کی چھت ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے حادثے میں ایک بچے کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔
انہوں نے زخمی بچوں اور دیگر متاثرین کو بہترین اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ غفلت یا غیر معیاری تعمیرات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ 
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں گنجان آباد علاقوں میں قائم ایسے تمام سکولوں کی عمارتوں کا فوری سیفٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھی باغبانپورہ سکول حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سمر کیمپ کی کلاسیں پابندی کے باوجود کیوں جاری تھیں اس کی وضاحت پیش کی جائے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔
یہ واقعہ چند روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے ٹیوشن سینٹر کے حادثے کے بعد سامنے آیا ہے۔ کاہنہ میں ایک رہائشی عمارت میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے متعدد بچے موت کے منہ میں چلے گئے اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

شیئر: