لاہور: ٹیوشن سنٹر کی عمارت کی چھت گرنے سے 14 بچے جان سے گئے، مالک مکان سمیت 12 افراد حراست میں
لاہور کے علاقے کاہنہ میں کچوانہ روڈ پر واقع ایک ٹیوشن سینٹر کی عمارت کی چھت گرنے سے 14 بچے جان سے گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اداروں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق مرنے والے بچوں کی عمریں 15 سال تک ہیں۔ حادثے میں مجموعی طور پر 19 زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کاہنہ منتقل کیا گیا، جہاں پانچ بچے زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ایم ایس ٹی ایچ کاہنہ نے 14 بچوں کے مرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا عمل شروع کیا، جبکہ پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ پولیس اہلکار ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ ملبہ ہٹاتے اور متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے رہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے، جہاں انہوں نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کے کنٹریکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے واقعے میں مالک مکان سمیت 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔