Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں ہوگا: العربیہ ٹی وی

پاکستان 11 جولائی کو امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کرے گا (فوٹو: اے ایف پی)
العربیہ نیوز چینل نے سینچر کو رپورٹ کیا کہ پاکستان 11 جولائی کو امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کرے گا۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مذاکراتی دور میں ایران پر عائد امریکی پابندیوں، ایران کے منجمد اثاثوں اور ایرانی جوہری معاملے پر توجہ دی جائے گی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایرانی وفد کی نمائندگی کا فیصلہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد کیا جائے گا۔
18 جون کو ایران اور امریکہ نے خطے میں ہر محاذ پر جنگ کے خاتمے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے تھے، جس میں لبنان بھی شامل ہے۔
22 جون کو ایران اور امریکہ کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات سوئٹزرلینڈ میں ہوئے، جو اس سے ایک روز قبل پاکستانی اور قطری ثالثی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کے بعد منعقد ہوئے تھے۔
بدھ کو قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے تصدیق کی کہ قطری اور پاکستانی ثالثوں نے امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں مکمل کیں، جن میں مفاہمتی یادداشت سے متعلق امور پر مثبت پیش رفت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ فریقین نے آنے والے دنوں میں مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور اگلی ملاقات جلد ہو گی۔

شیئر: