سعودی عرب میں لائسنس یافتہ فرنشڈ اپارٹمنٹس کی تعداد بڑھ گئی
اتوار 5 جولائی 2026 19:08
اس سال ہوٹل کے کمرے کے یومیہ کرائے کم ہوئے ہیں ( فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے کہا ہے کہ ’گزشتہ برس کے مقابلے میں سالِ رواں کی پہلی سہ ماہی میں مملکت میں لائسنس یافتہ فرنشڈ اپارٹمنٹس کی تعداد میں 22.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق سال 2025 میں فرنشڈ اپارٹمنٹس کی تعداد 4988 تھی، سال رواں اضافے کے بعد اب یہ تعداد 6122 تک پہنچ گئی۔
لائسنس یافتہ سروسز اور ہاسپٹلیٹی اپارٹمنٹس کی تعداد 3159 ہے جبکہ ہوٹلز 2963 ہیں، اس اعتبار سے سروس اپارٹمنٹس کا تناسب 51.6 فیصد رہا۔
سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں ہوٹل کے کمروں کی بکنگ 60.8 فیصد رہی جو گزشتہ برس 2025 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2.1 فیصد کم رہی۔
جبکہ اس کے مقابلے میں فرنشڈ اپارٹمنٹس کی بکنگ کے تناسب میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 51.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس 2025 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں سال رواں کرایوں کی 11.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ برس ہوٹل کے کمرے کا یومیہ کرایہ 477 ریال تھا جبکہ رواں برس یہ 423 ریال رہا۔ اسی طرح فرنشڈ اپارٹمنٹس کے کرایے میں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں 1.2 فیصد کمی دیکھی گئی۔

مملکت میں سیاحتی آپریشنل سیاحتی اداروں کی تعداد 177031 تک پہنچ گئی، گزشتہ برس 162473 ریکارڈ کی گئی تھی۔ درمیانے اور چھوٹے اداروں کا تناسب 99.9 فیصد جبکہ بڑے اداروں کی تعداد 200 ہے۔
ٹورازم سیکٹر میں ملازمین کی تعداد سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں 6.5 فیصد اضافے کے ساتھ 1047313 رہی ہے۔ اداروں میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد 250094 جبکہ غیرملکیوں کی تعداد 797219 ریکارڈ کی گئی۔
