پیٹرول اور ڈیزل روزانہ کی بنیاد میں مہنگا کرنے کا سلسلہ جاری، نئی قیمتیں کیا ہیں؟
اوگرا کے مطابق ’اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے ہو گئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، بدھ کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 6 روپے 39 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے کا اضافہ کیا۔
بدھ کی رات اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 320 روپے 73 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
اسی نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 375 روپے 04 پیسے مقرر کی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 367 روپے 21 پیسے کے حساب سے فروخت کیا جا رہا تھا۔
اوگرا حکام کے مطابق ’پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ قیمتیں صرف جمعرات 23 جولائی کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔‘
