بلوچستان پاکستان کا فخر، دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے: فیلڈ مارشل
جمعرات 23 جولائی 2026 19:15
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم کریں گے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ بات انہوں نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں 20 ویں ’نیشنل ورکشاپ بلوچستان‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اپنے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے ملکی مستقبل کی سمت کے تعین کے لیے قومی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیا۔
’بلوچستان کے عوام اس کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں‘
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صوبہ بلوچستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ خطہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام ہی اس کا سب سے بڑا سرمایہ اور حقیقی طاقت ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کا بنیادہ مقصد بلوچستان کے سماجی اور معاشی منظرنامے کو مثبت انداز میں تبدیل کرنا اور مقامی آبادی کو ترقی کے دھارے میں لانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ ریاست مخالف عناصر اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا گھیرا تنگ رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور یہ اقدامات اس وقت تک مکمل عزم کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے جب تک دہشت گردی اور اس کے تمام سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
