تبوک ریجن سے سعودی مارکیٹ کو سالانہ 33 ملین پھولوں کی فراہمی
اتوار 26 جولائی 2026 0:09
فارمز سال بھر خوبصورت اور خوشنما پھولوں کی دستیابی کو یقینی بناتے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
تبوک ریجن میں فلاورز فارمز جدید پیداواری طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے سعودی مارکیٹ کو سالانہ 33 ملین سے زیادہ پھول فراہم کرتے ہیں۔ ان پھولوں کا استعمال مختلف تقریبات، گلدستوں کی تیاری اور سیاحتی مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تبوک ریجن کے یہ فارمز سال بھر خوبصورت اور خوشنما پھولوں کی دستیابی کو یقینی بناتے ہیں۔
تبوک ریجن مختلف اقسام کے پھولوں کے لیے مشہور ہے، ان میں کرنتھیم یا گل داؤدی، للی یا گل سوسن، کارنیش، سورج مکھی، ایسٹر یا گل مینا اور گلاب کی مختلف اقسام شامل ہیں۔
گل داؤدی( کرنتھیم) کی پیداوار سب سے زیادہ تقریبا 80 لاکھ سالانہ ہے۔ اس کے بعد جر بیرا کی پیداوار دس لاکھ ہے، یہ پھول شوخ رنگوں اور دیرپا تازگی کے باعث پسند کیے جاتے ہیں۔

وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کی تبوک برانچ کاشتکاروں کو پیداوار کی کارکردگی اور معیار بہتر بنانے کے لیے تیکنیکی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
وزارت کے مطابق پھولوں کی کاشت سرمایہ کاری کے امید افزا مواقع فراہم کرتی ہے جو سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
