پنجاب میں بارشوں سے کئی علاقے زیرِ آب، ریلوے پُل بہہ گیا، ٹرین سروس معطل
پنجاب میں بارشوں سے کئی علاقے زیرِ آب، ریلوے پُل بہہ گیا، ٹرین سروس معطل
پیر 27 جولائی 2026 12:04
نالوں میں طغیانی کے بعد کئی رہائشی علاقے زیر آب آ گئے (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر فیروز والا میں شدید بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ نالے میں طغیانی سے ریلوے کا ایک پُل بھی بہہ گیا۔
رپورٹس کے مطابق تحصیل کے علاقے قلعہ ستار کے قریب ایک نالے پر بنے ایک ریلوے پُل کو پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد شدید نقصان پہنچا اور اس کا انفراسٹرکچر بہہ گیا۔
جس کے بعد لاہور سے فیصل آباد جانے والی ٹرین سروس معطل ہو گئی ہے۔
ریلوے ٹرانسپورٹ آفسیر ریلویز لاہور ڈویژن کا کہنا ہے کہ قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو لاہور، فیصل آباد کی بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال، خانیوال بھیجا جائے گا۔
اسی طرح بھلے ڈسنوال اور بانیوال کے قریب سے گزرنے والے نالے میں بھی شدید طغیانی پیدا ہوئی جس سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے کے بعد لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے موثر منصوبہ بندی نہ اپنائے جانے کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوئیں جبکہ متعدد خاندان نقل مکانی پر بھی مجبور ہو گئے۔
علاقے میں ریسکیو 1122 نے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں (فوٹو: ریسکیو 1122)
دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائی جاری ہے۔
خیال رہے پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی حادثات بھی ہو چکے ہیں اور این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ہونے والے حادثات و واقعات میں اب تک 147 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔