Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 رائن گوسلنگ مارول کے نئے ’گوسٹ رائیڈر‘، بلیک پینتھر کے لیے بھی نئے اداکار کا اعلان

مارول سٹوڈیوز نے اعلان کیا ہے کہ رائن گوسلنگ فلم ’گھوسٹ رائیڈر‘ کا کردار ادا کریں گے۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
امریکی فلم ساز ادارے مارول سٹوڈیوز نے اعلان کیا ہے کہ ہالی وڈ اداکار رائن گوسلنگ 2028 میں ریلیز ہونے والی فلم میں ’گوسٹ رائیڈر‘ کا کردار ادا کریں گے، جبکہ ’بلیک پینتھر 3‘ کے لیے بھی نئے مرکزی اداکار کا انتخاب کیا گیا ہے۔
رولنگ سٹون کے مطابق مارول سنیماٹک یونیورس (ایم سی یو) کے مداح کئی برس سے رائن گوسلنگ کو اس کردار میں دیکھنا چاہتے تھے، جبکہ خود گوسلنگ بھی مختلف مواقع پر اس کردار میں دلچسپی کا اظہار کر چکے تھے۔
 رولنگ سٹون نے 2013 میں بھی پیش گوئی کی تھی کہ وہ مستقبل میں گوسٹ رائیڈر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یہ اعلان امریکی شہر سان ڈیاگو میں ہونے والے سالانہ تفریحی ایونٹ ’کامک کان‘ کے دوران مارول سٹوڈیوز کے صدر کیون فائگی نے کیا۔ اس موقع پر امریکی پنک بینڈ ’سوسائیڈ‘ کا گانا ’گوسٹ رائیڈر‘ چلایا  گیا اور رائن گوسلنگ کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس اعلان کے بعد رائن گوسلنگ نے کہا کہ ’واہ، کیا واقعی یہ ہو رہا ہے؟ یہ وہ کردار ہے جسے میں بہت عرصے سے نبھانا چاہتا تھا۔‘
واضح رہے کہ گوسٹ رائیڈر کی نئی فلم مئی 2028 میں ریلیز ہوگی۔ اس کی ہدایت کاری شان لیوی کریں گے، جو اس سے قبل ’ڈیڈ پول اینڈ وولورین‘ کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔ 
رائن گوسلنگ اور شان لیوی اس سے پہلے فلم ’سٹار وارز: سٹار فائٹر‘ میں بھی ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔
شان لیوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’دو سال پہلے بھی میں یہاں ڈیڈ پول اینڈ وولورین کے ساتھ آیا تھا۔ یہاں کے مداحوں کا جوش ہمیشہ یاد رہے گا۔ گذشتہ سال جب ہم سٹار فائٹر پر کام کر رہے تھے تو رائن نے گوسٹ رائیڈر کا ذکر کیا، تب میں نے کہا کہ چلو، یہ سفر بھی شروع کرتے ہیں۔ اب 2028 میں ملاقات ہوگی۔‘
گوسٹ رائیڈر کا کردار اس سے پہلے نکولس کیج دو فلموں میں ادا کر چکے ہیں، جبکہ ٹی وی سیریز ’ایجنٹس آف شیلڈ‘ میں گیبریل لونا نے اس کردار کے ایک اور رُوپ ’رابی رئیس‘ کو نبھایا تھا۔
مارول نے کامک کان میں ’بلیک پینتھر 3‘ سے متعلق بھی اہم اعلان کیا۔
فلم کے ہدایت کار رائن کوگلر نے بتایا کہ 2028 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں ڈیوڈ جانسن نئے بلیک پینتھر کا کردار ادا کریں گے۔
ڈیوڈ جانسن اس سے قبل ’دی لانگ واک‘ اور ’ایلین: رومولس‘ جیسی فلموں میں نظر آچکے ہیں۔
رولنگ سٹون کے مطابق نئی فلم میں وہ ’ٹی چالا دوم‘ کا کردار ادا کریں گے، جو 2022 کی فلم ’بلیک پینتھر: واکانڈا فارایور‘ کے اختتام پر ٹی چالا اور ناکیا کے بیٹے کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔
کامک کان میں مارول نے اپنی آنے والی فلم ’ایونجرز: ڈومزڈے‘ کا نیا ٹریلر بھی پیش کیا۔ اس موقع پر رابرٹ ڈاؤنی جونیئر سمیت فلم کی کاسٹ کے کئی اداکار سٹیج پر موجود تھے، جبکہ ’ایکس مین‘ فلم سیریز کے کئی ستاروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تاہم ’ایونجرز: ڈومزڈے‘ کا یہ ٹریلر صرف کامک کان کے شرکا کو دکھایا گیا اور اسے ابھی تک آن لائن جاری نہیں کیا گیا۔

شیئر: