سعودی اور عمانی وزیر خارجہ کا آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر تبادلہ خیال
وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور عمانی وزیر خارجہ بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی (فریڈم آف نیویگیشن) کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے بین الاقوامی آبی گزر گاہوں کے تحفظ، آبنائے پرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے اور علاقائی سکیورٹی کو بڑھانے کی کوششوں کی سپورٹ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
یاد رہے ایران نے اتوار کو کہا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے محفوظ گزرنے کے انتظام کے بارے میں عمان کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ کے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے ساتھ الگ الگ رابطوں کے دوران خطے کی حالیہ صورتحال اور ان کوششوں کی سپورٹ جاری رکھنے کے طریقوں پر بات کی گئی جن کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور سفارتی حل کو فروغ دینا ہے۔
