Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ: سو سال پرانے گھر میں بند ڈبے سے 70 کی دہائی کی رقم برآمد، ’کسی کو امید نہیں تھی‘

لویزا کا کہنا تھا ’ہم میں سے کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ اس ڈبے کے اندر سے پیسے نکلیں گے‘ (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
برطانیہ میں ایک جوڑے کے ساتھ اس وقت عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب انہوں نے اپنے 100 برس سے زیادہ پرانے گھر میں کی جانے والی مرمت کے دوران ایک پرانے اور زنگ آلود ڈبے سے نقد رقم کا غیر متوقع ذخیرہ دریافت کر لیا۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق لویزا اور ان کے شوہر ڈین جو 1900ء سے قبل تعمیر شدہ ایک تاریخی گھر میں مقیم ہیں، کافی عرصے سے اپنے گھر کے تہہ خانے کی سیڑھیوں کے نیچے موجود ایک اینٹوں سے بند دیوار کے بارے میں تجسس کا شکار تھے۔
جب انہوں نے اس اینٹوں کی دیوار کو توڑ کر دیکھا تو اندر کوئلے کے ساتھ ساتھ پینٹ کا ایک انتہائی خستہ حال، کیڑوں سے بھرا اور بدبودار ڈبہ بھی ملا۔
لویزا کے مطابق ’یہ ڈبہ مہینوں تک ایک طرف پڑا رہا کیونکہ اس سے امونیا جیسی تیز اور ناگوار بدبو آ رہی تھی اور ہم اسے کھولنے سے ہچکچاتے تھے۔‘
تاہم جب انہوں نے بالآخر ہمت کر کے اس پُراسرار ڈبے کو کھولنے کا فیصلہ کیا اور اپنے فون سے اس کی ویڈیو بنانا شروع کی تو وہ اندر کا منظر دیکھ کر دنگ رہ گئے۔
ڈبے میں سے 1970ء کی دہائی کے کرنسی نوٹوں کے بنڈل نکلے جن کی مجموعی مالیت ایک ہزار برطانوی پاؤنڈز سے زائد تھی۔
’بچوں کے لیے ایک ناقابلِ فراموش یاد‘
اس غیر متوقع دریافت پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لویزا کا کہنا تھا کہ ’ہم میں سے کسی کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ اس ڈبے کے اندر سے پیسے نکلیں گے۔ یہ بچوں کے لیے ایک شاندار لمحہ اور ایک ایسی یادگار ہے جسے وہ زندگی بھر نہیں بھولیں گے۔‘

گھروں کی مرمت کے دوران ایسے انوکھے واقعات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

انہوں نے مزید بتایا کہ اس رقم نے ان کے خاندان کی مشکل وقت میں بڑی مدد کی۔ ’اس وقت میرے پاس کوئی ملازمت نہیں تھی، اس لیے ان پیسوں سے نہ صرف ہم نے بچوں کے لیے کچھ چیزیں خریدیں بلکہ کچھ زیر التواء بل بھی ادا کر دیے جس نے چند ہفتوں کے لیے ہمارے سر سے معاشی دباؤ کو کافی حد تک کم کر دیا۔‘
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر وائرل ہو چکی ہے جسے لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پر مختلف تبصرے کیے۔ کسی نے اسے حیران کن قرار دیا تو کسی نے مشورہ دیا کہ ملکہ برطانیہ کی تصویر والے یہ قدیم نوٹ یا تو بینک سے تبدیل کروائے جا سکتے ہیں یا ای بے پر ان کی اصل قیمت سے کہیں زیادہ رقم مل سکتی ہے۔
گھروں کی مرمت یا نقل مکانی کے دوران ایسے انوکھے واقعات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
حال ہی میں ایک متوقع دلہن کو اپنے نئے گھر کے خفیہ سٹور روم سے ایک پرانا مگر نہایت حفاظت سے رکھا گیا شادی کا جوڑا ملا تھا جسے انہوں نے اپنی شادی کی تقریب میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔

 

شیئر: