پاکستان کے وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی کویتی وزیرخارجہ سے اسلام آباد میں ملاقات
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دہا (فوٹو: دفتر خارجہ)
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ میں ریاستِ کویت کے وزیرخارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے ساتھ ایک خصوصی اور ون آن ون ملاقات کی ہے۔
بدھ کو پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں جانب سے انتہائی خوشگوار اور مثبت قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی تمام جہتوں کا تفصیل سے جائزہ لیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ملاقات میں علاقائی اور عالمی سیاسی پیش رفت بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
