کے ایس ریلیف نے نایئجیریا میں 20 کنویں کھودنے کا منصوبہ مکمل کر لیا
جمعرات 30 جولائی 2026 11:01
اس منصوبے کے تحت 20 درمیانی گہرائی کے کنویں کھودے گئے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف سینٹر) نے نائیجیریا میں دو اکتوبر 2025 سے 9 فروری 2026 کے دوران درمیانی گہرائی کے 20 کنویں کھودنے کے منصوبے کو مکمل کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ اقدام سب سے زیادہ متاثرہ اور ضرورت مند علاقوں میں پانی کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
اس منصوبے کے تحت 20 درمیانی گہرائی کے کنویں کھودے گئے جن میں سے ہر ایک کی گہرائی 100 سے 120 میٹر کے درمیان ہے۔ ان کنوؤں میں پانی کے سٹوریج ٹینکس اور شمسی توانائی سے چلنے والے سسٹم نصب کیے گئے ہیں جس سے پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے، پانی سے پھیلنے والی بیماریوں میں کمی آئی ہے اور 95 ہزار افراد کے رہائشی حالات میں بہتری آئی ہے۔
یہ پروجیکٹ ان انسانی اور امدادی کوششوں کا حصہ ہے جو مملکت سعودی عرب اپنے امدادی ادارے ’سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف سینٹر)‘ کے ذریعے انجام دے رہی ہے تاکہ ضرورت مند ممالک میں پانی کے شعبے کو تقویت دی جا سکے، صحت مند ماحول کو فروغ دیا جا سکے اور لوگوں کی معاشی خودمختاری میں اضافہ کیا جا سکے۔
