Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور میں مشروبات پینے والا پائپ چاٹنے پر فرانسیسی نوجوان پر جرمانہ

19 سالہ دیدیئر گاسپارڈ اوون میکسیملین کو 465 امریکی ڈالر کا جرمانہ کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
سنگاپور میں ایک فرانسیسی نوجوان کو مشروبات پینے والا پائپ چاٹ کر عوامی پریشانی پیدا کرنے کے الزام میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد جرمانہ کیا گیا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 19 سالہ دیدیئر گاسپارڈ اوون میکسیملین کو 600 سنگاپور ڈالر (465 امریکی ڈالر) کا جرمانہ کیا گیا، جب اس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کرنے کا اعتراف کیا جس میں وہ ایک سٹرا چاٹ کر اسے دوبارہ اورنج جوس وینڈنگ مشین کے ڈسپنسر میں رکھ رہا تھا۔
یہ ویڈیو 12 مارچ کو واقعے کے فوراً بعد انسٹاگرام پر وائرل ہو گئی جس نے شدید ردعمل کو جنم دیا اور اس کی گرفتاری کا باعث بنی۔ سنگاپور عوامی نظم و ضبط اور صفائی کے سخت قوانین کے نفاذ کے لیے مشہور ہے۔
جج کیلی ہو نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کی ’عمر اور جرم کی نوعیت‘ کو دیکھتے ہوئے پروبیشن یا کمیونٹی سروس جیسی متبادل سزائیں نہیں دی جائیں گی۔
پراسیکیوٹرز نے دفاع کے اس مؤقف سے اتفاق کیا کہ صرف جرمانہ کافی ہے، کیونکہ یہ جرم ’کم درجے‘ کا تھا۔ اگرچہ صفائی کے اصول متاثر ہوئے، لیکن کوئی عام شہری اس سٹرا کو استعمال نہیں کر پایا، اس لیے ’نقصان کا کوئی ثبوت نہیں‘ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میکسیملین نے ’ابتدائی موقع پر ہی جرم قبول کر لیا۔‘
سیاہ سوٹ اور سفید قمیض میں ملبوس میکسیملین پرسکون انداز میں کٹہرے میں کھڑا رہا جب جج نے سزا سنائی۔ اس کے والدین عدالت میں موجود تھے لیکن بعد میں میڈیا سے بات کرنے سے انکار کر دیا۔
اس کے وکیل کالیداس مورگائین نے عدالت میں دلیل دی کہ پروبیشن کے بجائے صرف جرمانہ کافی ہے، کیونکہ خاندان کو سنگاپور میں سرپرست ڈھونڈنے میں مشکلات پیش آئیں اور کمیونٹی سروس ممکن نہیں تھی، کیونکہ میکسیملین کو ستمبر میں تعلیم جاری رکھنے کے لیے فرانس واپس جانا تھا۔
وکیل نے کہا کہ ’وہ اس تمام پریشانی پر مکمل طور پر شرمندہ ہے، اور اسے اس کے خاندان نے سمجھایا ہے۔‘
سنگاپور عوامی کرتبوں کے خلاف سخت رویے کے لیے جانا جاتا ہے۔ گذشتہ سال ایک آسٹریلوی شخص کو فلم سٹار اریانا گرانڈے کے پریمیئر کے دوران سٹیج پر دوڑنے کے جرم میں نو دن کی قید کے بعد ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

 

شیئر: