Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم ’رامائن‘ کے ٹریلر سے رام، راون اور ہنومان غائب، فلم بینوں میں بحث چھِڑ گئی

ٹریلر کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ایودھیا اور لنکا کی شان و شوکت کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے (فائل فوٹو: انڈیا ٹو ڈے)
آپ اگر بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کے فین ہیں تو آپ نے ان کو فلم ’راجنیتی‘ میں سیاست دان، فلم ’برفی‘ میں گویائی سے محروم کردار میں، فلم ’راک سٹار‘ میں موسیقی کی خداداد صلاحیت والے نوجوان کے طور پر، فلم ’اینیمل‘ میں انتہائی شدت پسند نوجوان کے کردار میں، فلم ’تماشا‘ میں شناخت کے بحران سے دو چار نوجوان کے کردار میں اور ’جگا جاسوس‘ میں ایک جاسوس کے کردار میں پسند کیا ہوگا۔
لیکن اب آپ انہیں ایک اوتار یعنی ہندوؤں کے بھگوان ’رام‘ کے کردار میں دیکھیں گے۔ ہندی سنیما کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شامل نیتیش تیواڑی کی فلم ’رامائن‘ کا آفیشل ٹریلر انتہائی مقدس ساعت برہما مہورت کے وقت صبح 4 بج کر 15 منٹ پر جاری کیا گیا۔
ٹریلر کے منظرِعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تعریفی، تنقیدی اور پرتجسس تبصروں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک طرف فلم کے شاندار بصری مناظر، موسیقی اور راون کے کردار میں اداکار یش کو بے حد سراہا جا رہا ہے، تو دوسری جانب رنبیر کپور کے شری رام کے کردار پر مِلا جُلا ردِعمل سامنے آرہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی شائقین کی ایک بڑی تعداد نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آخر سنی دیول کے ہنومان کے کردار کو ٹریلر سے کیوں غائب رکھا گیا؟
فلم کا آغاز ایک طاقتور منظر سے ہوتا ہے، جہاں راون (یہ کردار اداکار یش نے ادا کیا ہے) ایک عظیم الشان محل کے دروازے پر دستک دیتا ہے۔ وہ مزاحمت پر اپنی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کرتا ہے کہ اب ’راون راج‘ کا آغاز ہوگا۔
اس کے بعد دیوتاؤں اور راجاؤں میں خوف و ہراس پھیل جاتا ہے اور بھگوان وشنو کی ایودھیا کے راجا دشرتھ کے گھر رام کے روپ میں دوبارہ آمد کو دکھایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ فلم معروف انڈین رزمیہ داستان رامائن پر مبنی ہے۔
رنبیر کپور کے کردار رام کو فلم میں ایک ایسے شہزادے کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو طاقت کے ساتھ ساتھ وقار، تحمل اور ’مریادا‘ کی علامت ہے۔ ٹریلر میں ان کے کئی مناظر توجہ اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ ایک منظر میں وہ راکشسوں (عفریت) کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے عوام کے محافظ نظر آتے ہیں، تو دوسرے منظر میں چھوٹے بھائی لکشمن (روی دوبے) کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر مشکلات کا سامنا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
فلم کا ایک جذباتی منظر وہ ہے جب رانی کیکئی (یہ کردار اداکارہ لارا دتہ نے ادا کیا ہے) سے کیا گیا وعدہ راجا دشرتھ (ارون گوول) کو رام کو 14 برس کے لیے بن باس بھیجنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ اسی دوران سیتا کا کردار ادا کرنے والی سائی پلووی یہ اعلان کرتی ہیں کہ وہ ہر حال میں رام کے ساتھ جنگل جائیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بننے والی معروف فلم رامائن میں رام کا کردار اداکار ارون گوول نے ادا کیا تھا۔

آپ فلم ’رامائن‘ میں اداکار رنبیر کپور کو ایک اوتار یعنی ہندوؤں کے بھگوان ’رام‘ کے کردار میں دیکھیں گے (فائل فوٹو: ورائٹی)

ٹریلر کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ایودھیا اور لنکا کی شان و شوکت کو نہایت خوب صورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ اس بار فلم سازوں نے غیر حقیقی مخلوقات اور فینٹسی عناصر کو نسبتاً کم رکھا ہے اور زیادہ توجہ کرداروں کے جذبات، مکالموں اور کہانی کے بنیادی ڈرامے پر مرکوز رکھی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ناقدین کے مطابق یہ ٹریلر اپریل میں جاری کی گئی فلم کی ابتدائی جھلک سے کہیں زیادہ مضبوط اور مؤثر محسوس ہوتا ہے۔
رنبیر کپور کے کردار پر سب سے زیادہ بحث ہوئی۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے رام کے کردار میں چیخ پکار یا غیر ضروری ہیرو ازم کے بجائے سکون، وقار اور ضبطِ نفس کو نمایاں کیا ہے۔
ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’جن لوگوں نے کہا تھا کہ رنبیر شری رام کے لیے موزوں نہیں، شاید وہ رام کی اصل روح کو نہیں سمجھتے۔ رام کی طاقت ان کے تحمل، شائستگی اور مریادا میں تھی، اور رنبیر کپور نے کردار کو کچھ اسی ڈھنگ سے ادا کیا ہے۔'
دوسری جانب کچھ فلم بین ان کے مکالموں کی ادائیگی سے مطمئن نظر نہیں آئے۔ ایک تبصرہ خاصا وائرل ہوا جس میں لکھا گیا کہ ’سب کچھ بہت اچھا چل رہا تھا، لیکن جیسے ہی رنبیر آئے، ایسا لگا وہ اب بھی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کے کردار سے باہر نہیں نکلے۔‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کے مرکزی ہیرو اگرچہ رنبیر ہیں، لیکن ٹریلر میں سب سے زیادہ داد یش نے سمیٹی۔ مختصر سکرین ٹائم کے باوجود ان کو راون کے کردار میں خوب داد ملی۔

شائقین کی ایک بڑی تعداد نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ سنی دیول کے ہنومان کے کردار کو ٹریلر سے کیوں غائب رکھا گیا ہے؟ (فائل فوٹو: دکن کرونیکل)

ایک مداح نے لکھا کہ ’یش کا راون ایک تاریخی کاسٹنگ ہے۔ ان کے ہر منظر سے طاقت اور رعب جھلکتا ہے۔ لوگ برسوں تک راون کے کردار میں یش کو یاد رکھیں گے۔‘
ویژوئل ایفیکٹس کے حوالے سے بھی اس بار رائے کافی حد تک مثبت رہی۔ کئی صارفین نے لکھا کہ اپریل میں سامنے آنے والی پہلی جھلک کے بعد فلم سازوں نے وی ایف ایکس میں نمایاں بہتری کی ہے۔ ایراوت کے منظر، تھری ڈی گہرائی، رنگوں کی درجہ بندی اور مخلوقات کے خصوصی اثرات کو خاص طور پر سراہا گیا۔
ایک تبصرے میں کہا گیا کہ ’اب ہر منظر زیادہ قدرتی محسوس ہوتا ہے، اور یہی وہ معیار ہے جس کی اس فلم سے توقع کی جا رہی تھی۔‘
اس کے باوجود کچھ ناظرین اب بھی مطمئن نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ  بڑے بجٹ کے دعوئوں کے باوجود بعض مناظر میں گرین سکرین کا استعمال نمایاں طور پر محسوس ہوتا ہے۔
ایک صارف نے لکھا: ’ابھی تک ایسا نہیں لگتا کہ یہ چار ہزار کروڑ روپے کے بجٹ والی فلم ہے۔ توقعات بہت زیادہ قائم کی گئیں، لیکن ٹریلر ان پر پوری طرح پورا نہیں اترتا۔‘
ٹریلر کی سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والی بات سنی دیول کے ہنومان کی مکمل غیر موجودگی رہی۔ فلم کے اہم کرداروں میں شامل ہونے کے باوجود ان کی ایک جھلک بھی نہیں دکھائی گئی، جس پر مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر متعدد افراد کا خیال ہے کہ فلم ساز شاید ہنومان کے کردار کو جان بوجھ کر راز میں رکھنا چاہتے ہیں تاکہ دوسرے حصے یا آئندہ پروموشن میں اس کی شاندار انٹری دکھائی جا سکے۔

فلم کا ٹریلر منظرِعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تعریفی، تنقیدی اور پرتجسس تبصروں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا (فائل فوٹو: زوم ٹی وی)

’رامائن: پارٹ ون‘ اس سال دیوالی کے موقع پر 8 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی، جبکہ دوسرا حصہ 2027 میں پیش کیا جائے گا۔
ٹریلر کے گرد جاری بحث کو اگر دیکھا جائے تو ایک بات طے ہے کہ یہ فلم ابھی سے سال کی سب سے زیادہ زیرِ بحث اور متنازع فلموں میں شامل ہو چکی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ رنبیر کپور کا پُرسکون رام، یش کا پرشکوہ راون اور سنی دیول کے ہنومان کی ممکنہ انٹری بڑے پردے پر شائقین کی توقعات پر کس حد تک پورا اترتی ہے۔

شیئر: