’زندگی بدل دی‘، رنبیر کپور نے فلم ’رامائن‘ کو اپنی خوش نصیبی قرار دے دیا
فلم کا پہلا حصہ دیوالی 2026 سے ایک ہفتہ قبل ریلیز کیا جائے گا، جبکہ دوسرا حصہ دیوالی 2027 کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ہدایت کار نتیش تیواری کی فلم ’رامائن‘ نے ان کی ذاتی زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ ان کے مطابق یہ فلم صرف ان کے کیریئر کا اہم سنگِ میل ہی نہیں بلکہ ان کی زندگی بدل دینے والا تجربہ بھی ثابت ہوئی۔
رامائن میں بھگوان رام کا کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اس فلم کے سفر نے ان کی سوچ، اقدار اور حتیٰ کہ بطور والد ان کے رویے کو بھی بدل دیا۔
ٹاپ میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں رنبیر نے کہا کہ ’میں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ میرے کیریئر کو ڈیفائن کرنے والا قدم ہو گا لیکن یہ یقینی طور پر میری زندگی کو ڈیفائن کرنے والا تجربہ ثابت ہوا۔ اس نے میری زندگی بدل دی۔ مجھے رامائن کو سمجھنے اور بھگوان رام کے سفر کو جاننے کا موقع ملا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ فلم میری زندگی میں بہت سی مثبت تبدیلیاں بھی لائی، میری بری عادتیں بدل گئیں، میری اقدار کا نظام تبدیل ہو گیا، زندگی کو دیکھنے کا انداز بدل گیا، نقصان، قربانی اور دھرم کے بارے میں میری سوچ بدل گئی، اور مجھے واقعی اپنی زندگی میں اس تبدیلی کی ضرورت تھی۔‘
رنبیر کپور نے یہ بھی بتایا کہ اس فلم کی تیاری کا دور ان کی زندگی کے اہم مرحلے سے بھی جڑا تھا جس میں وہ والد بنے۔
رنبیر اور ان کی اہلیہ عالیہ بھٹ کے ہاں نومبر 2022 میں بیٹی راہا کپور کی پیدائش ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ میری زندگی کا ایک بہت خوبصورت اتفاق تھا۔ راہا نے مجھے ایک بہتر انسان بنایا اور رامائن نے مجھے راہا کے لیے ایک بہتر انسان بننے کی ترغیب دی، یوں سب کچھ ایک دوسرے سے جڑا ہوا تھا۔‘
رنبیر نے اس بڑے منصوبے کا حصہ بننے کو اپنی خوش نصیبی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میں صحیح وقت پر صحیح جگہ موجود تھا، جب ہماری ثقافت، تاریخ اور سچائی پر مبنی اتنے بڑے پیمانے کی فلم انتہائی مستند انداز میں بنائی جا رہی تھی۔ یہ میرے لیے ایک نعمت ہے اور میں پوری زندگی اس کے لیے شکر گزار رہوں گا۔‘
نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی رامائن کو دو حصوں پر مشتمل ایک عظیم الشان منصوبے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے اور اسے انڈین سنیما کے تاریخ ساز منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ روی دوبے لکشمن کے کردار میں نظر آئیں گے۔
فلم کا پہلا حصہ دیوالی 2026 سے ایک ہفتہ قبل ریلیز کیا جائے گا، جبکہ دوسرا حصہ دیوالی 2027 کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گا۔
