سعودی عرب کی مصری بندرگاہ پر ڈرون حملے کی مذمت
جمعرات 30 جولائی 2026 23:52
بیان میں مملکت کی جانب سے مصر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے ڈرون حملے کی مذمت کی ہے، جس سے شمالی مصر کی بندرگاہ دمیاط پر دو بحری جہازوں میں آگ لگ گئی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں مملکت کی جانب سے مصر کے ساتھ اظہار یکجہتی، اس کی خود مختاری، سکیورٹی اور مفادات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ مصر کی کابینہ نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ بحیرۂ روم میں واقع مصر کی بندرگاہ دمیاط پر دو گیس بردار جہازوں میں لگنے والی آگ ایک ڈرون حملے کے باعث بھڑکی تھی۔
اس طرح حکومت نے واضح کر دیا کہ ایک روز قبل پیش آنے والا واقعہ حادثہ نہیں بلکہ حملے کا نتیجہ تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ یا ملک نے قبول نہیں کی۔ یہ حملہ آبنائے سویز کے قریب پیش آیا، جو سعودی تیل کی عالمی منڈیوں تک محفوظ ترسیل کے لیے آخری محفوظ راستہ سمجھا جاتا ہے۔
مصر کی کابینہ کے مطابق حکام تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملک کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
برطانوی بحری سلامتی کی کمپنی ایمبری نے بدھ کے روز ابتدائی جائزے میں کہا تھا کہ ایک ڈرون نے بندرگاہ پر موجود امریکی ملکیت کے گیس ذخیرہ کرنے والے ٹینکر کو نشانہ بنایا، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع مزید پھیلنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
