بڑھتی ایران جنگ کے دوران صدر ٹرمپ کا کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ اجلاس
بڑھتی ایران جنگ کے دوران صدر ٹرمپ کا کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ اجلاس
جمعہ 31 جولائی 2026 16:43
صدر ٹرمپ کے کابینہ اجلاس عموماً طویل ہوتے ہیں، جو ایک گھنٹے سے بھی زیادہ وقت جاری رہتے ہیں (فائل فوٹو: یو پی آئی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کیمپ ڈیوڈ میں اپنی رہائش گاہ پر کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے، جہاں وہ ایران کے خلاف جاری جنگ کو ختم کرنے اور پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو میں لانے کے طریقوں پر غور کریں گے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ امریکی صدور کے برعکس مغربی میری لینڈ میں واقع اس صدارتی مقام پر کم ہی وقت گزارا ہے اور وہ وائٹ ہاؤس سے باہر زیادہ تر اپنے گالف ریزورٹس میں قیام کو ترجیح دیتے رہے ہیں۔ یہ اُن کا اپنے دوسرے دورِ صدارت میں کیمپ ڈیوڈ کا تیسرا دورہ ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرلین لیویٹ نے گزشتہ ہفتے بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ صدر ٹرمپ کے دوسرے دور کا 13 واں کابینہ اجلاس ہوگا اور انہوں نے اسے ’دلچسپ اور مختلف تجربہ‘ قرار دیا، جسے کابینہ کے ارکان مل کر یکساں طور پر محسوس کریں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں خارجہ پالیسی کو خاص اہمیت دیے جانے کا امکان ہے۔ صدر ٹرمپ اس وقت ایران کے خلاف جوابی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور اس تنازع کے جلد خاتمے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ صدر ٹرمپ نے ابتدا میں اس جنگ کے چند ہفتوں میں ختم ہونے کی توقع ظاہر کی تھی، لیکن اب اسے پانچ ماہ گزر چکے ہیں۔
اس جنگ کے باعث پیٹرول کی قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں اور اس کا اثر صدر ٹرمپ کی مقبولیت پر بھی پڑ رہا ہے۔ رواں ہفتے روئٹرز اور اِپسوس کے ایک سروے کے مطابق ہر تین میں سے صرف ایک امریکی اس جنگ کی حمایت کرتا ہے، جو حالیہ تنازع کے ابتدائی دنوں کے بعد سب سے کم سطح ہے۔
امریکی معیشت پر جنگ کے اثرات نے ریپبلکن رہنماؤں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جو نومبر کے انتخابات کے پیشِ نظر بے چینی محسوس کر رہے ہیں، جہاں ڈیموکریٹس کانگریس پر ان کی گرفت ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔
ایران جنگ کے باعث پیٹرول کی قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں اور اس کا اثر صدر ٹرمپ کی مقبولیت پر بھی پڑ رہا ہے (فوٹو: اے پی)
صدر ٹرمپ کے کابینہ اجلاس عموماً طویل ہوتے ہیں، جو ایک گھنٹے سے بھی زیادہ وقت جاری رہتے ہیں، جس دوران ہر وزیر اپنے محکمے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتا ہے اور اس کے ساتھ صدر کی تعریف بھی کی جاتی ہے۔
اجلاس کے بعد صدر ٹرمپ ویک اینڈ گزارنے کے لیے نیو جرسی کے علاقے بیڈمنسٹر میں واقع اپنے گالف کلب جائیں گے۔