Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ٹیکسی چلائی، ریسٹورنٹس میں کام کیا، لیکن بڑے خواب کبھی نہیں چھوڑے: اداکار فاران طاہر

فاران طاہر کا ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں قیام کے دوران انہوں نے زندگی کے مشکل ترین مراحل دیکھے (فوٹو: انسٹاگرام)
بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی جدوجہد سے متعلق ایک انٹرویو میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کامیابی حاصل کرنے کے لیے بڑے خواب دیکھنا ضروری ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سخت محنت اور مسلسل جدوجہد سے گزرنا پڑتا ہے۔
سما ٹی وی کے لیٹ نائٹ شو ’گپ شپ‘ میں بات چیت کرتے ہوئے فاران طاہر کا کہنا تھا کہ امریکہ میں قیام کے دوران انہوں نے زندگی کے مشکل ترین مراحل دیکھے، تاہم کبھی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔
شو میں انہوں نے اپنے فنی سفر، ذاتی زندگی اور امریکہ میں گزارے گئے ابتدائی دنوں کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہالی ووڈ میں اپنی جگہ بنانا ہرگز آسان نہیں تھا، بلکہ اس کے لیے انہیں کئی برسوں تک مختلف نوعیت کے کام کرنا پڑے۔‘
اداکار نے کہا کہ ان کی زندگی میں ایک ایسا دور بھی آیا جب انہوں نے گزر بسر کے لیے ٹیکسی چلائی اور مختلف ریسٹورنٹس میں ملازمت کی۔ ان کے مطابق یہ تمام کام کسی مجبوری یا شرمندگی کی بات نہیں تھے بلکہ ان کے خواب کو حقیقت بنانے کے سفر کا اہم حصہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ کے خواب بڑے ہوں تو ان خوابوں تک پہنچنے کے لیے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ میں نے ٹیکسی بھی چلائی، ریسٹورنٹس میں بھی کام کیا، لیکن میں جانتا تھا کہ یہ سب میری منزل تک پہنچنے کے سفر کا حصہ ہے۔‘
فاران طاہر نے مزید کہا کہ جدوجہد کے اس دور میں کبھی خوشی کے لمحات آئے تو کبھی مایوسی بھی ہوئی، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ ان کے بقول ’میں اس وقت بھی ہنستا تھا، کبھی روتا بھی تھا، اور آج بھی زندگی کو اسی جذبے کے ساتھ جیتا ہوں۔‘
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیشہ بڑے خواب دیکھنے چاہیے کیونکہ خواب دیکھنے پر کوئی قیمت ادا نہیں کرنی پڑتی، لیکن ان خوابوں کو پورا کرنے کے لیے محنت، صبر اور مستقل مزاجی لازمی ہوتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر انسان اپنی منزل کے لیے پوری لگن سے کوشش جاری رکھے تو مشکلات وقتی ثابت ہوتی ہیں اور کامیابی آخرکار اس کا مقدر بن جاتی ہے۔‘
واضح رہے کہ فاران طاہر کا شمار ان پاکستانی اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
وہ معروف اداکار نعیم طاہر اور لیجنڈ براڈکاسٹر یاسمین طاہر کے صاحبزادے جبکہ اداکار علی طاہر کے بھائی ہیں۔ ان دنوں وہ پاکستان میں ڈرامہ ’بس تیرا ساتھ ہو‘ میں اپنی اداکاری پر خوب داد سمیٹ رہے ہیں، جبکہ جلد ہی اے آر وائی ڈیجیٹل کے بڑے بجٹ کے ڈرامے ’درِ نجات‘ میں بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

شیئر: