صدر ٹرمپ کا حماس کو ’مکمل غیر مسلح‘ کرنے کے معاہدے کا اعلان
صدر ٹرمپ نے کہا غیر مسلح کرنے کا عمل ’محتاط انداز میں ترتیب دیے گئے مراحل‘ میں ہو گا (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کی ’مکمل غیر مسلح‘ کرنے کے ایک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے اسے غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو ہونے والے صدر ٹرمپ کے اس معاہدے کے اعلان پر حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب قاہرہ میں ثالثوں کے ساتھ جاری بات چیت سے واقف ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ فلسطینی اسلامی تحریک ایک ایسے معاہدے کی طرف پیش رفت کر رہی ہے جس میں اس کے ہتھیاروں کو ناکارہ بنانا شامل ہے۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا’آج بورڈ آف پیس نے حماس اور غزہ کے تمام دیگر مسلح گروہوں کو مکمل غیر مسلح کرنے کے لیے ایک تاریخی معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ دیرپا امن اور سلامتی کی جانب ایک یادگار قدم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ غیر مسلح کرنے کا عمل ’محتاط انداز میں ترتیب دیے گئے مراحل‘ میں ہو گا۔
انہوں نے مصر، قطر اور ترکی کے ثالثوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا ’جیسے ہی غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہو گا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی اور بین الاقوامی سٹیبلائزیشن فورس ایک نئی فلسطینی پولیس فورس کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ غزہ کو اس کے رہائشیوں اور پڑوسیوں کے لیے محفوظ بنانے کی ذمہ داری سنبھالی جا سکے۔‘
