حائل کا تاریخی ڈسٹرکٹ: 150 سالہ تعمیراتی ورثے کا امین
العلیا کا تاریخی ڈسٹرکٹ، حائل کے پرانے تجارتی مرکز میں واقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حائل شہر میں العلیا کا تاریخی ڈسٹرکٹ، ایک نمایاں لینڈ مارک ہے جو 150 سال پر پھیلی ہوئی شہر کی تعمیراتی اور سماجی تاریخ کا محافظ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ڈسٹرکٹ، حائل کے پرانے تجارتی مرکز میں واقع ہے جس کے نجدی فنِ تعمیر کے مختلف پہلو، کچی مٹی سے بنی عمارتوں، تنگ گلیوں اور ایسے مہمان خانوں کے ذریعے عیاں ہوتے ہیں جن پر سیمنٹ کے مسالے کے ساتھ آرائشی اور روایتی نقوش نظر آتے ہیں۔
حائل میں جاری ایسے نادر ورثوں کی بحالی اور تحفظ کے لیے کیے جانے والی کوششوں کے دوران زیادہ تر توجہ العلیا کی مقامی شناخت پر مرکوز کی گئی ہے۔
بحالی کے کام کے دوران، العلیا محلے میں لوگوں کی ثقافتی اور سیاحتی دلچپسی کے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس ڈسٹرکٹ میں لوگوں کی توجہ حالیہ عرصے میں بڑھی ہے، جن میں خاص طور پر وہ سیاح شامل ہیں جو تعمیراتی فن کی باریکوں سے واقفیت رکھتے ہیں۔

یہ ڈسٹرکٹ حائل کی شہری ترقی اور ثقافتی وراثت کے لیے ایک تعلیمی مرکز کا درجہ اختیار کر چکا ہے۔