Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوڈ بیلنگھم سے پاکستانی کرکٹر فاطمہ ثنا کی ملاقات، عثمان طارق کی بولنگ کا بھی سامنا

ایک اور ویڈیو میں پاکستانی بولر عثمان طارق کو جوڈ بیلنگھم سے ملاقات کرتے دیکھا گیا (فوٹو: ایکس)
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کی عالمی فٹبال سٹار جوڈ بیلنگھم سے ملاقات نے کرکٹ اور فٹبال شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے۔
انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہونے والے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ کے دوران فاطمہ ثنا اور جوڈ بیلنگھم کی خوشگوار ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
فاطمہ سنا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جوڈ بیلنگھم کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں دونوں خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے اور مسکراتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں ایجبسٹن میں اپنی ٹیم برمنگھم فینکس کی سیزن کی پہلی کامیابی پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں دی ہنڈرڈ کے آفیشل اکاؤنٹ نے بھی دونوں کی ملاقات کی ویڈیو شیئر کی۔
یہ ملاقات دی ہنڈرڈ کے ڈبل ہیڈر میچ کے موقع پر ایجبسٹن میں ہوئی جہاں برمنگھم فینکس نے ویمنز مقابلے میں ویلش فائر کو شکست دے کر سیزن کی پہلی کامیابی اپنے نام کی۔
جوڈ بیلنگھم بھی اس موقع پر سٹیڈیم میں موجود تھے۔ وہ برمنگھم فینکس کے شریک مالکان میں شامل ہیں اور اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ایونٹ میں شریک ہوئے تھے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by The Hundred (@thehundred)

فاطمہ ثنا اس سیزن دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فینکس کی نمائندگی کر رہی ہیں اور وہ اس ٹورنامنٹ میں منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بھی ہیں۔ قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد انہوں نے پاکستان کے سری لنکا کے خلاف ون ڈے دورے کی ذمہ داریاں مکمل کیں اور پھر انگلینڈ میں اپنی فرنچائز کو جوائن کیا۔
ایجبسٹن میں پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے یہ دن مزید یادگار اس وقت بن گیا جب جوڈ بیلنگھم نے پاکستان کے لیگ سپنر عثمان طارق سے بھی ملاقات کی۔ دونوں نے دوستانہ ماحول میں چند لمحے ساتھ گزارے جبکہ بیلنگھم نے عثمان طارق کی گیندوں کا سامنا بھی کیا۔
ان دو ملاقاتوں کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ ردعمل دیے۔ رانا احمد نے لکھا یہ ’ایک ایسا کراس اوور ہے جو ہم نے سوچا بھی نہیں تھا۔‘

سلمان نے پوسٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جوڈ بیلنگھم نے فاطمہ کی پوسٹ کے نیچے کمنٹ بھی کیا ہے۔

ایک صارف نے جوڈ بیلنگھم اور عثمان طارق کی ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی اور لکھا کہ عثمان نے جوڈ کو بولنگ کی اور اس سے قبل فاطمہ ثنا نے بھی جوڈ سے ملاقات کی تھی۔ بی سی سی آئی اور آئی پی ایل نے پاکستانی کھلاڑیوں کو تنہا کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستانی کھلاڑی اصلی سپرسٹارز کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔

روحہ ندیم نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ جوڈ بیلنگھم کی فاطمہ ثنا سے ملاقات ہوئی، یہ ان کے لیے بڑا دن ہے۔

فاطمہ ثنا اور جوڈ بیلنگھم کی ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو نے کرکٹ اور فٹبال کے مداحوں کو ایک ساتھ جوڑ دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شائقین اس غیر متوقع ملاقات کو پاکستانی کھیلوں کے لیے ایک خوش آئند اور یادگار لمحہ قرار دے رہے ہیں جبکہ متعدد صارفین نے فاطمہ ثنا کی اس کامیابی اور عالمی سطح پر نمائندگی کو بھی سراہا۔

شیئر: