’ہائی امپیکٹ کھلاڑی‘، ویٹیلٹی ٹی20 بلاسٹ کے لیے عثمان طارق کا انگلش کاؤنٹی کلب سے معاہدہ
پاکستان کے مسٹری سپنر عثمان طارق کو انگلش کاؤنٹی کلب واروک شائر بیئرز نے ویٹیلٹی ٹی20 بلاسٹ 2026 کے لیے سائن کر لیا ہے، ٹورنامنٹ کا آغاز 22 مئی سے ہوگا۔
کرک انفو کے مطابق 28 سالہ طارق پورے بلاسٹ سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے، جس کے بعد وہ دی ہنڈرڈ میں بھی حصہ لیں گے، جہاں وہ برمنگھم فینکس کے ساتھ ایجبسٹن میں ہی موجود ہوں گے۔
عثمان طارق انگلینڈ کے سمر سیزن کا بڑا حصہ ایجبسٹن سٹیڈیم میں گزاریں گے۔ انہیں مارچ میں پلیئرز ڈرافٹ کے دوران برمنگھم فینکس نے 1 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ میں منتخب کیا تھا۔
اپنے بیان میں عثمان طارق نے ٹیم میں شمولیت کو خوشی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیئرز کے لیے نئی توانائی لانے کے لیے پُرجوش ہیں اور جلد سکواڈ کا حصہ بننے کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب بیئرز کے پرفارمنس ڈائریکٹر جیمز تھامس نے عثمان طارق کو ایک ’ہائی امپیکٹ کھلاڑی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی صلاحیتیں اور گیم کی سمجھ انہیں وائٹ بال کرکٹ میں ایک خطرناک بولر بناتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واروک شائر اور برمنگھم فینکس کے درمیان ہم آہنگی اس معاہدے کو مزید خاص بناتی ہے، جس سے دونوں ٹیموں کو فائدہ ہوگا اور شائقین کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

عثمان طارق کا کرکٹ کی دنیا میں عروج انتہائی تیز رفتار رہا ہے، جہاں ان کے سینئر ٹی20 ڈیبیو اور قومی ٹیم میں شمولیت کے درمیان دو سال سے بھی کم کا عرصہ گزرا۔ انہوں نے اب تک محدود ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر میں مؤثر کارکردگی دکھاتے ہوئے کم اوسط اور بہتر اکنامی ریٹ کے ساتھ نمایاں وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ان کی بولنگ کی خاص بات مختلف اقسام کی گیندیں ہیں، جن میں آف بریک، گوگلی اور فلِکڈ لیگ بریک شامل ہیں، جبکہ گیند کروانے سے قبل مختصر وقفہ ان کا منفرد انداز سمجھا جاتا ہے، جو بلے بازوں کو الجھانے میں مدد دیتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں مسلسل اچھی کارکردگی کے باعث انہیں دنیا کی دیگر لیگز جیسے کیریبین پریمیئر لیگ، انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی اور ابوظہبی ٹی 10 میں بھی کھیلنے کا موقع ملا، اور اب وہ پہلی بار کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
ادھر واروک شائر کی ٹیم میں اس سیزن کچھ تبدیلیاں بھی دیکھنے میں آئی ہیں، جہاں گزشتہ سیزن کے بعد معین علی ٹیم کا حصہ نہیں رہے، تاہم ٹیم مینجمنٹ نے نئے کھلاڑیوں کو شامل کر کے سکواڈ کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں بیو ویبسٹر بھی عثمان طارق کے ساتھ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
کلب حکام کے مطابق عثمان طارق کی شمولیت نہ صرف ٹیم کی بولنگ لائن اپ کو مضبوط کرے گی بلکہ برمنگھم اور واروکشائر کے شائقین کے لیے بھی ایک دلچسپ اضافہ ثابت ہوگی، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ اس سمر سیزن میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔