بنگلہ دیشی وزیر اعظم نے ڈھاکہ میں سعودی وزیر کا خیر مقدم کیا
حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر بات کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبد الکریم الخریجی نے وزیر اعظم طارق رحمن کے پہلے دورہ سعودی عرب سے قبل ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی اعلی قیادت سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزیر اعظم طارق رحمن نے منگل کو بنگلہ دیشی سیکریٹریٹ میں سعودی نائب وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
سعودی وزیر نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم اور بنگلہ دیشی حکومت کے لیے تہنیتی پیغام دیا۔
ملاقات میں حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، دو طرفہ تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں ترقی دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات کے بعد وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ ملاقات میں بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔‘
وزیر اعظم طارق رحمان نے کہا ’دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں۔ موجودہ حکومت سٹریٹیجک، کثیر الجہتی اور طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا چاہتی ہے۔‘

سعودی نائب وزیر خارجہ نے دو روزہ دورے کے دوران بنگلہ دیشی وزیر خارجہ ڈاکٹرخلیل الرحمن، وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر ہمایوں کبیر، وزیر داخلہ صلاح الدین احمد اور وزیر مملکت برائے خارجہ شمع عبید سے بھی ملاقات کی۔
یاد رہے کہ فروری کے آخر میں عہدہ سنبھالنے والے بنگلہ دیشی رہنما کے پہلے سرکاری دورہ سعودی عرب کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
الخریجی کی آمد سے دو ہفتے قبل سعودی نائب وزیر ٹرانسپورٹ رمیح الرمیح سٹریٹیجک منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کے لیے ڈھاکہ میں تھے۔

یہ دورہ علاقائی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششوں کی سپورٹ کے لیے بنگلہ دیش کی سعودی زیر قیات بحری دفاعی اتحاد میں شمولیت کے چند دن بعد ہوا ہے۔
بحری دفاعی اتحاد، گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش، کویت اور پاکستان سمیت 14 ملکوں کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد اقوام متحدہ کے کنونشنز اور بین الاقوامی روایات کے مطابق میری ٹائم سکیورٹی کو بڑھانا، فریڈم آف نیویگیشن کا تحفظ اور بین الاقوامی تجارتی و توانائی کے راستوں کو محفوظ بنانا شامل ہے۔
