’لوگوں کی بڑھتی دلچپسی‘: بحیرۂ احمر کائٹ سرفنگ کا ابھرتا ہوا مرکز
’لوگوں کی بڑھتی دلچپسی‘: بحیرۂ احمر کائٹ سرفنگ کا ابھرتا ہوا مرکز
بدھ 5 اگست 2026 7:45
بحیرۂ احمر کے ساتھ ساتھ ساحلوں پر قدرتی طور پر موافق حالات کی وجہ سے سعودی عرب میں آبی کھیلوں میں کائٹ سرفنگ کی مقبولیت میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کائٹ سرفنگ اور پیرا گلائڈنگ مل کر اِس کھیل کے دلکشی کو مزید بڑھا دیتے ہیں جہاں پانی کی موجوں پر سوار کھلاڑی، کائٹ (بڑی پتنگ) کی مدد سے ہواؤں کا رُخ اور اُس کی طاقت کو اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کرتے ہوئے اُس تختے یا بورڈ کو تیزی سے موجوں پر دوڑاتا ہے جس پر اُس نے پاؤں جما رکھے ہوتے ہیں۔
اِس کھیل میں توازن کو بہت اہمیت حاصل ہے لیکن ساتھ ساتھ کنٹرول اور ہوا کی سمت اور حالت سے اچھی طرح باخبر ہونا اور اُسے سمجھنے کی صلاحیت از حد ضروری ہے۔ کائٹ سرفنگ کرنے والوں کو حفاظتی معیار پر بھی بہت سختی سے عمل کرنے کی ہدایت ہوتی ہے جس کے مطابق وہ اِس کھیل کے لیے موجوں پر قدم رکھتے ہیں۔
کائٹ اور بورڈ میں ہونے والی جدت اور حفاظتی نظام کے جدید طریقوں نے اس کھیل کو آسان اور محفوظ بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کھیل میں نوجوانوں اور اِس کھیل کے عادی شائقین بڑی تعداد میں کائٹ سرفنگ کرتے ہیں۔ اِس کھیل میں تربیت حاصل کرنے کے لیے بھی کئی خصوصی تربیتی ادارے قائم کیے گئے ہیں اور ایسے مراکز بھی بنائے گئے ہیں جہاں سند یافتہ انسٹرکٹرز کی قیادت میں کائٹ سرفنگ کے طریقے سکھائے جاتے ہیں اور اِس کھیل کی عملی تربیت دی جاتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مملکت کے کئی ساحلی مقامات پر، جن میں جدہ، ثُول، ینبع اور املج شامل ہیں، کائٹ سرفنگ کی سرگرمیوں میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کائٹ سرفنگ اور پیرا گلائڈنگ آبی کھیلوں کی دلکشی کو مزید بڑھا دیتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
اس کھیل کی وجہ سے نہ صرف سیاحت کے شوقین افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے بلکہ اس کھیل سے متعلقہ صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے جن میں تربیتی مراکز، کائٹ سرفنگ کا سامان بیچنے یا کرائے پر دینے والے اور مہمان نوازی کا شعبہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ تفریح فراہم کرنے والی صنعتوں کو بھی اس کھیل کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے منفعت بخش حالات میسر ہو رہے ہیں۔ کائٹ سرفنگ سے سنسنی خیز سیاحتی سرگرمیوں میں وسعت اور آگے بڑھنے کے نئے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
کائٹ سرفنگ کے ایک شائق کے مطابق اس کھیل میں لوگوں کی دلچپسی بہت بڑھ گئی ہے اور بہت سے شوقین افراد کائٹ سرفنگ کے لیے باقاعدہ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
کائٹ سرفنگ کرنے والوں کو حفاظتی معیار پر بھی بہت سختی سے عمل کرنے کی ہدایت ہوتی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
ان کا کہنا تھا کہ بحیرۂ احمر دنیا میں کائٹ سرفنگ کی سب سے بہترین منزل ہے کیونکہ یہاں ہوائیں بہت تیزی سے نہیں بدلتیں بلکہ ان میں استحکام رہتا ہے اور ساحلی پٹی بھی کافی طویل ہے۔
سعودی عرب سمندری سیاحت کے لیے ضروری انفراسٹرکچر میں تبدیلیاں اور بہتری لا کر کائٹ سرفنگ کے لیے نہ صرف تعاون فراہم کر رہا ہے بلکہ بحیرۂ احمر کے ساحلوں پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر رہا ہے اور عالمی ایونٹس کی میزبانی بھی کر رہا ہے جس سے سمندری کھیلوں کی ایک نمایاں منزل کے طور پر مملکت کی حیثیت مستحکم ہو رہی ہے۔