تہذیبوں کی رہداری بحیرۂ احمرکی تہہ سے ملنے والے تاریخی خزانوں کی نمائش
یہ ایک تعلیمی تجربہ بھی ہے جس میں تہذیبوں کی راہداری کے طور پر بحیرۂ احمر کی اُس تاریخ پر تحقیق کی جاتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
’زیرِ آب خزانے کے عنوان سے میری ٹائم ہیرٹج آف دا ریڈ سی‘ کی نمائش، سعودی عرب کے سمندری ورثے کی جانب سے شروع کیے جانے والے نمایاں ثقافتی انیشیٹیوز میں سے ایک ہے جس کی میزبانی جدہ تاریخیہ میں واقع ریڈ سِی میوزیم کرتا ہے۔
یہ ایک تعلیمی تجربہ بھی ہے جس میں تہذیبوں کی راہداری کے طور پر بحیرۂ احمر کی اُس تاریخ پر تحقیق کی جاتی ہے جس نے ہزاروں برس تک سمندری تجارت، پانی کے راستے سفرِ حج اور تہذیبوں کے درمیان روابط بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
15 اگست تک جاری رہنے والی یہ نمائش آثارِ قدیمہ کے نوادارت، تاریخی نقشوں اور جہاز رانی کے لیے استعمال ہونے آلات کے ذریعے، دیکھنے والوں کو ایک انٹرایکٹیو سفر سے متعارف کراتی ہے۔ ساتھ ساتھ یہ اُن دریافتوں پر بھی روشنی ڈالتی ہے جو غرقاب ثقافتی ورثے کی سائٹس پر موجود ہیں۔ نمائش سے جہاز رانی کی تاریخ کے مختلف پہلوُ اور بحیرۂ احمر کا وہ کردار بھی اجاگر ہوتا ہے جس نے جزیرہ نمائے عرب کو افریقہ اور ایشیا سے جوڑ دیا۔
اس نمائش میں غرق ہونے والے بحری جہازوں کی مثالیں اور صدیوں سے سمندر کی تہہ میں موجود نوادارت کا بھی پتہ چلتا ہے۔ اِس کے علاوہ آثارِ قدیمہ پر تحقیق کی کوششوں کے بارے میں شعور بیدار ہوتا ہے جنھوں نے اِس میراث کو تعلیمی مواد میں بدل کر زیرِ آب ثقافتی ورثے کی تاریخی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کی ہے۔
نمائش کے لیے میوزیم کمیشن، ہیرٹج کمیشن، اور جدہ تاریخیہ کے ڈسٹرکٹ پروگرام نے مل کر کام کیا ہے اور اس اہم پیشکش کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیوں کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ دیکھنے والوں کو انٹرایکٹیو ثقافتی تجربے کا بھرپور احساس ہو سکے۔

سمر سیزن میں ہونے والی اِس نمائش سے جدہ کی ثقافتی تحریک بھی اجاگر ہوتی ہے جس میں ’سمر یور وے‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے مختلف ایونٹس کے دوران اہم ترین تعلیمی تجربات پیش کیے جا رہے ہیں جن میں تاریخ، آثارِ قدیمہ اور سمندری ماحول کو ایک مقام پر اکٹھا کر دیاگیا ہے۔
نمائش کو دیکھنے کے لیے آنے والوں اور بچوں کے لیے تعلیمی اور انٹرایکٹیو تجربات خصوصی طور پر پروگرام کا حصہ بنائے گئے ہیں تاکہ بحیرۂ احمر کے سمندری اور ماحولیاتی ورثے کو محفوظ کرنے میں آگاہی کی اہمیت کو فروغ حاصل ہو سکے۔
