فارسٹ ونڈرز: جدہ سیزن میں جنگلی حیات کی انڈورنمائش
فارسٹ ونڈرز: جدہ سیزن میں جنگلی حیات کی انڈورنمائش
ہفتہ 8 اگست 2026 12:09
یہ سفر وزیٹرز کو ایسی جگہوں سے گزارتا ہے جہاں وہ حیوانی انواع کو دریافت کر سکتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
جدہ سیزن کے آغاز سے اب تک سینکڑوں افراد نے فارسٹ ونڈرز زون کی سیر کی ہے جو برسات کے جنگلات سے متاثر ہو کر انڈور بنائی گئی ایک ایسی تفریحی جگہ ہے جہاں جنگلی حیات کا مشاہدہ، تعلیمی سرگرمیاں اور خاندان کے ساتھ تفریح کی سہولت ایک ساتھ میسر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ سفر شائقین کو ایسی جگہوں سے گزارتا ہے جہاں وہ حیوانی انواع کو دریافت کر سکتے ہیں۔ اس سفر میں رینگنے والے حشرات، پرندے اور ہرن موجود ہیں جبکہ سیکرٹ گارڈن اور نوکٹرنل کریچرز جیسے حصوں میں نایاب حیات، بشمول نائٹ منکی کا انتہائی قریب سے مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
اس جگہ پر میرکٹس (نیولے کی ایک قسم)، لیمور اور بلیوں کی اقسام کے لیے مخصوص وینیو بنائے گئے ہیں جہاں وزیٹرز ان جانوروں اور ان کی خصوصیات کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
جانوروں کو دیکھنے کے علاوہ، وزیٹرز نگرانی کے تحت جانوروں کو کھانا کھلانے کے سیشنز اور انٹرایکٹیو سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں جو جانوروں کی دیکھ بھال اور ان کے رویوں کی معلومات فراہم کرتی ہیں۔
اپنی فیملی کے ساتھ گھومنے کے لیے آنے والی ہبا باہاماس کہتی ہیں کہ ’میرے بچے صرف جانوروں کو ہی نہیں دیکھ رہے تھے، وہ بہت پرتجسس تھے، سوالات پوچھ رہے تھے اور جانوروں کے بارے میں سیکھ رہے تھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’گرمی کا موسم دشوار ہو سکتا ہے لہذا انڈور مقام ایسے تفریحی دوروں کو خوشگوار بنا دیتا ہے۔ ہم نے گھنٹوں اس جگہ کو تلاش کرتے ہوئے گزار دیے۔‘
کمسنوں کے لیے بھی یہاں سرگرمیوں کا ایک وسیع سلسلہ موجود ہے جن میں لائیو شو، کرافٹ سیشنز، سلم میکنگ سٹیشنز، مہارت پر مبنی کھیل اور نرسری کا تجربہ شامل ہے۔ بچوں کے کھیلنے کے لیے بال پول اور لوکا لینڈ کے نام سے خاص پلے ایریاز بھی بنائے گئے ہیں۔
مکہ سے آئے ہوئے محمد نزار نے کہا ’داخل ہوتے ہی آپ کو ہر لمحہ کچھ نہ کچھ ہوتا ہوا نظر آتا ہے، لائیو پرفارمنس سے لے کر جانوروں کو کھانا کھلانے تک۔ یہ صرف جانوروں کو دیکھنے کی حد تک محدود نہیں ہے بلکہ یہاں مختلف سرگرمیاں موجود ہیں جو اس دورے کو پرلطف بناتی ہیں اور خاندانوں کی دلچسپی کو برقرار رکھتی ہیں۔‘
یہ زون 30 اگست تک وزیٹرز کے لیے کھلا رہے گا (فوٹو: عرب نیوز)
انہوں نے مزید کہا کہ ’گرمیوں کے موسم میں ایسی جگہ کا ہونا، خاص طور پر جب باہر سرگرمیاں کم ہوتی ہیں، ان لوگوں کے لیے اسے ایک بہترین مقام بناتا ہے جو شہر میں ہی موجود ہیں اور کہیں سفر پر نہیں گئے ہیں۔‘
اس تفریحی زون میں کھانے پینے کے آؤٹ لیٹس، خریداری کی دکانیں اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات شامل ہیں۔ یہ زون 30 اگست تک شائقین کے لیے کھلا رہے گا۔