بیت الشربتلی: جہاں مکالمہ ہوتا ہے اور صلاحیتیں نکھرتی ہیں
جدہ تاریخیہ میں واقع بیت الشربتلی ثقافتی عمارتوں کی بحالی کے لیے ایک نئے ماڈل کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس کی تاریخی اہمیت کو علم، ثقافت اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بیت الشربتلی اپنے تاریخی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے ایسے ایونٹس کی میزبانی کر رہا ہے جو صرف ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔
بیت الشربتلی موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران مختلف ثقافتی پروگراموں کی میزبانی کر رہا ہے جن میں تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان سرگرمیوں میں ’المناظرات کیمپ 2026 ‘ شامل ہے۔
کیمپ میں آنے والوں کو تنقیدی سوچ، موثر مکالمے کی مہارتوں کی عملی تربیت دی جاتی ہے۔ پروگرام کا مقصد تعمیری بحث اور مختلف آرا کے تبادلے کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔

بیت الشربتلی میں 16 سے 20 اگست تک بچوں اور نوجوانوں کے لیے خصوصی سمر پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پروگرام چار عملی ورکشاپس پر مشتمل ہیں جن میں فنِ تعمیر، ڈیزائن اور پروگرامنگ کو یکجا کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام جدہ تاریخیہ کی تعمیراتی شناخت سے متاثر ماحول میں سیکھنے کے عملی تجربات پیش کرتا ہے۔ بچے سعودی عرب کی تاریخ اور ڈیجیٹل گیمز کی ڈیزائننگ سے متعلق انٹر ایکٹیو سرگرمیوں جبکہ نوجوان حجازی فنِ تعمیر سے متعلق ورکشاپس میں حصہ لیں گے۔

الشربتلی ہاؤس کی تعمیر سال ہجری 1335 بمطابق 1917 میں کی گئی تھی۔ یہ عمارت آج بھی ایک فعال ثقافتی مرکز کے طور پر موجود ہے جہاں مختلف علمی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔