Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اُردن: عمان میں شہزادی رجوا کی پروقار اور دلکش انداز میں عوامی تقریب میں شرکت

شہزادی رجوا نے اس سے قبل جون میں اُردن کی فٹ بال ٹیم کے الجزائر کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں شرکت کی تھی (فوٹو: گیٹی)
سعودی نژاد شہزادی رجوا الحسین نے اس ہفتے عمان میں ایک یونیورسٹی کی گریجویشن تقریب میں اپنے شوہر اُردن کے ولیٔ عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر شہزادی نے جاپانی فیشن برانڈ ٹوگا آرکائیوز کا مکمل سرمئی رنگ کا لباس زیبِ تن کر رکھا تھا۔
شہزادی رجوا نے الحسین ٹیکنیکل یونیورسٹی کے چھٹے بیچ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی، جہاں وہ ولیٔ عہد کے ساتھ بیٹھی تھیں۔ تقریب میں مملکت بھر سے 450 طلبہ و طالبات نے اپنی ڈگریاں حاصل کیں۔
ولیٔ عہد شہزادہ حسین نے تقریب کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ’تمام فارغ التحصیل طالب علموں اور ان کے خاندانوں‘ کو مبارک باد پیش کی اور یونیورسٹی کے عملے کا’ گزشتہ دس برس کے دوران اُن کی لگن اور عزم‘ پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر شہزادی رجوا نے ٹوگا آرکائیوز کی پیسلی جیکوارڈ شرٹ پہن رکھی تھی، جس کا کالر غیر معمولی طور پر بڑا اور نوکیلا تھا اور اسے گلے تک بٹن لگا کر پہنا گیا تھا۔ شرٹ کی مکمل اور ہلکی شکنوں والی آستینوں اور سرمئی و سیاہ رنگ کے گہرے پرنٹ نے اسے ایک ایسا نرم اور رواں انداز دیا تھا، جو سینے اور کندھوں پر تقریباً سکارف کی طرح ڈھلک رہا تھا۔
انہوں نے اسی برانڈ کی میچنگ جیکوارڈ سکرٹ کے ساتھ یہ شرٹ پہن رکھی تھی۔ سکرٹ کا اوپری حصہ نقش و نگار سے مزین تھا، جبکہ نچلے حصے میں دھاتی کپڑے کا پلیٹڈ پینل تھا، جو باریک، چاندی کی تہوں میں نیچے تک جھول رہا تھا۔ آڈیٹوریم کی گہری سرخ نشستوں کے پس منظر میں شہزادی نے اپنے کندھوں پر گہرے رنگ کا کوٹ بھی رکھا ہوا تھا۔
ان کے بالوں کو گردن کے نچلے حصے میں ایک سادہ جوڑے کی شکل میں باندھا گیا تھا، جبکہ کن پٹیوں کے قریب بالوں کی چند لِٹیں کھُلی چھوڑی گئی تھیں۔ انہوں نے زیورات میں صرف ایک سادہ اور نفیس جوڑا بالیوں کا پہن رکھا تھا۔
شہزادی کے ہاتھ میں مشہور فرانسیسی لگژری برانڈ علایہ کا ’لے ٹیکیل‘ کلچ بھی تھا، جو چمکدار سیاہ بکری کی کھال سے بنا ہوا تھا۔ اس کا لمبوترا اور ٹیوب نما ڈیزائن لباس کے نسبتاً گہرے تفصیلی پرنٹ کے مقابلے میں ایک سادہ اور متوازن انداز پیش کر رہا تھا۔
علایہ پیرس کا معروف فیشن ہاؤس ہے جس کی بنیاد مرحوم تیونسی ڈیزائنر عزالدین علایہ نے رکھی تھی اور یہ اب بیلجیئم کے ڈیزائنر پیٹر مولیئر کی قیادت میں کام کر رہا ہے۔
گریجویشن تقریب سے قبل شہزادی رجوا کی آخری عوامی مصروفیت جون میں تھی، جب انہوں نے شاہ عبداللہ دوم اور ولیٔ عہد کے ہمراہ سٹیڈیم میں بیٹھ کر اُردن کی قومی فٹ بال ٹیم کو الجزائر کے خلاف فیفا ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کرتے ہوئے دیکھا تھا۔

شہزادی رجوا کی شادی جون 2023 میں اُردن کے ولیٔ عہد شہزادہ حسین سے ہوئی تھی (فوٹو: انسٹاگرام)

شہزادی رجوا 1994 میں ریاض میں رجوا خالد السیف کے نام سے پیدا ہوئیں۔ انہوں نے نیویارک کی سائراکیوز یونیورسٹی سے فنِ تعمیر کی تعلیم حاصل کی اور شادی سے قبل ریاض میں ایک ڈیزائن سٹوڈیو میں کام کیا۔
اُن کی شادی جون 2023 میں عمان میں اُردن کے ولیٔ عہد شہزادہ حسین سے ہوئی جن کی پہلی اولاد شہزادی ایمان اگست 2024 میں پیدا ہوئیں۔
شہزادی ایمان کی دوسری سالگرہ کے موقع پر ولیٔ عہد نے اپنی بیٹی کے لیے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’میری ایمان آج دو برس کی ہوگئی! میری دعا ہے کہ اللہ ہمیشہ اس کی حفاظت فرمائے اور اسے صحت و تندرستی سے نوازے۔ اسے بہت بہت سالگرہ مبارک ہو۔‘

شیئر: