Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مالامال ویکلی 2‘، رتیش دیش مکھ مرکزی کردار میں، پریش راول اور راجپال یادو کی واپسی

مرکزی کردار رتیش دیش مکھ ادا کریں گے لیکن انہوں نے فلم میں کام کرنے کے لیے فی الحال معاہدے پر دستخط نہیں کیے (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
بالی وڈ فلم ’مالامال ویکلی 2‘ کے لیے رتیش دیش مکھ، الوش یادو، پریش راول اور راج پال یادو کو منتخب کر لیا گیا ہے۔
بالی وڈ نیوز ویب سائٹ ’بالی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق، فلم میں اگرچہ مرکزی کردار رتیش دیش مکھ ادا کریں گے، تاہم پروڈکشن سے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی سکرپٹ پڑھ رہے ہیں اور انہوں نے فلم میں کام کرنے کے لیے فی الحال باضابطہ طور پر معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔
سیکوئل میں اصل فلم کے مرکزی تینوں اداکار یعنی رتیش دیش مکھ، پریش راول اور راج پال یادو ایک بار پھر اہم کرداروں میں واپسی کر رہے ہیں، جبکہ الوش یادو مرکزی کاسٹ میں نئے اضافے کے طور پر شامل ہوں گے۔
الوش یادو ایک مقبول یوٹیوب کانٹینٹ کری ایٹر اور ’بگ باس او ٹی ٹی‘ سیزن 2 (2023) کے فاتح ہیں۔ یہ ٹائیگر شیروف اور ریمو ڈی سوزا کی آنے والی ایکشن ڈراما فلم کے بعد ان کی دوسری بالی وڈ فلم ہوگی، جس کے ذریعے انہوں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔
تمام اداکار فلم میں کام کرنے کے لیے زبانی طور پر تصدیق کر چکے ہیں جبکہ باضابطہ کاغذی کارروائی اس وقت جاری ہے۔
’مالامال ویکلی 2‘ کی کہانی بالکل نئی ہوگی، تاہم اس میں پہلی فلم کا بنیادی موضوع اور مزاحیہ انداز برقرار رکھا جائے گا۔ کہانی ایک چھوٹے شہر کے عام لوگوں کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جو غربت، لالچ اور اچانک دولت مند بننے کے امکان سے متاثر ہو کر ایک ایسی صورتِ حال میں پھنس جاتے ہیں جو بتدریج غیرمعمولی طور پر افراتفری کا شکار ہو جاتی ہے۔
شاہد کپور اور کریتی سینن کی روبوٹک روم کوم فلم ’تیری باتوں میں ایسا اُلجھا جیا‘ کے شریک ہدایت کار امیت جوشی کو اس فلم کی ہدایت کاری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہ اس وقت سکرپٹ کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں اور منصوبہ ہے کہ فلم کی پروڈکشن نومبر 2026 تک شروع کر دی جائے۔

الوش یادو ایک مقبول یوٹیوب کانٹینٹ کری ایٹر اور ’بگ باس او ٹی ٹی‘ سیزن 2 (2023) کے فاتح ہیں (فوٹو: مڈ ڈے)

سال 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مالامال ویکلی‘ باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔ بعد ازاں اس کا تین جنوبی بھارتی زبانوں، تیلگو، کنڑ اور ملیالم میں بھی ری میک بنایا گیا۔ ملیالم ورژن کی ہدایت کاری خود پریہ درشن نے کی تھی۔
اصل فلم کی کہانی لیلارام نامی ایک لاٹری ٹکٹ فروخت کرنے والے شخص کے گرد گھومتی ہے، جو گاؤں کا واحد خواندہ رہائشی ہے۔ اس کے ایک گاہک کی لاٹری جیتنے کی خبر سن کر صدمے سے موت ہو جاتی ہے، جس کے بعد لیلارام اس رقم کو خود ہتھیانے کا منصوبہ بناتا ہے۔
اس دوران گاؤں کے دوسرے لوگوں کی نظریں بھی اس رقم پر ہوتی ہیں، جس کے باعث گاؤں والوں کے درمیان لالچ، افراتفری اور مزاحیہ رقابت شروع ہو جاتی ہے۔
توقع ہے کہ ’مالامال ویکلی 2‘ میں اصل فلم کی مزاحیہ روح کو برقرار رکھتے ہوئے فلم بینوں کے لیے غلط فہمیوں، اُلجھنوں اور افراتفری سے بھرپور ایک مکمل کامیڈی پیش کی جائے گی۔

شیئر: