سعودی عرب اور عراق کا فوجی اور دفاعی شعبوں میں تعلقات کا جائزہ
جمعرات 13 اگست 2026 20:12
سعودی وزیر دفاع نے عراقی کمانڈر انچیف کے دفتر کے ڈائریکٹر کا خیرمقدم کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جمعرات کو ریاض میں عراقی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے دفتر کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل عبدالامیر الشمری کا خیرمقدم کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا’ ہم نے فوجی اور دفاعی شعبوں میں سعودی،عراقی تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔‘
’دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو اس انداز میں جاری رکھنے کی اہمیت کا اعادہ کیا جو ہمارے مشترکہ مفادات کو پورا کرنے کے ساتھ خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھے۔‘
پوسٹ میں لکھا ’عراق ہمیشہ اچھا ہمسایہ رہے گا۔ مملکت، عراق اور اس کے عوام کے مفاد کے لیے اس کی سلامتی، استحکام، اس کی ترقی اور خوشحالی کی سپورٹ کے لیے ہمیشہ ساتھ کھڑی رہے گی۔‘
اس موقع پر سعودی جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ خالد بن علی الحمیدان، چیف آف دی جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔

عراق کے انٹیلی جنس چیف حمید الشطری، انسداد دہشت گردی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل زید حوشی الموسوی اور ایئر ڈیفینس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مھند الاسدی شامل تھے۔
