انڈیا کی ریاست اتراکھنڈ زیرِ تعمیر سرنگ میں حادثہ، 7 مزدور ہلاک، 13 زخمی
اتراکھنڈ میں گزشتہ چند روز سے شدید مون سون بارشیں جاری ہیں۔ (فوٹو: فیس بک)
انڈیا کے شمالی علاقے میں زیرِ تعمیر سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پانی اور ملبہ داخل ہونے سے کم از کم 7 مزدور ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے جمعے کو بتایا کہ یہ حادثہ جمعرات کی رات ہمالیائی ریاست اتراکھنڈ میں پیش آیا، جہاں مزدور سرکاری ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے سرنگ کی تعمیر میں مصروف تھے۔
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کم از کم 3 مزدور اب بھی لاپتہ ہیں، جبکہ 19 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ یہ حادثہ ٹیہری ہائیڈرو ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منصوبے پر پیش آیا۔
مقامی حکام کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار سر پر لائٹس لگائے عارضی کشتیوں کے ذریعے سرنگ کے سیلاب زدہ حصے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اتراکھنڈ میں گزشتہ چند روز سے شدید مون سون بارشیں جاری ہیں۔
انڈیا میں بڑے تعمیراتی منصوبوں پر حادثات عام ہیں، تاہم ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ ہمالیائی خطے میں ضرورت سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں نے قدرتی آفات کے خطرے میں اضافہ کیا ہے۔
گزشتہ ماہ شمال مشرقی ریاست سکم میں ایک اور سرکاری ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی سرنگ میں کام کرنے والے 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
2023 میں بھی اتراکھنڈ میں ایک سرنگ منہدم ہونے کے بعد 41 مزدور 17 روز تک اندر پھنسے رہے، جنہیں بعد ازاں بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
جون میں سالانہ مون سون سیزن شروع ہونے کے بعد سے انڈیا بھر میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور ناقص منصوبہ بندی کے ساتھ ہونے والی تعمیرات قدرتی آفات کی تعداد، شدت اور نقصانات میں اضافہ کر رہی ہیں۔