Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی ورلڈ کپ کا آغاز، پاکستان انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا

ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ سنیچر سے شروع ہو چکا ہے جس میں پاکستان اپنا پہلا میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ 
عالمی ہاکی کپ کا 16واں ایڈیشن 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم مشترکہ طور پر منعقد کر رہے ہیں۔
16 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں جرمنی دفاعی چیمپئن ہے۔ جرمنی نے 2023 میں انڈیا کی ریاست اڈیشہ میں کھیلے گئے فائنل میں بیلجیئم کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ کا ٹائٹل چار مرتبہ، 1971، 1978، 1982 اور 1994 میں جیتا ہے، جبکہ آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور جرمنی تین، تین مرتبہ عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔
پاکستان گروپ ڈی میں
ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کو چار ابتدائی گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں ارجنٹائن، جاپان، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بیلجیئم، فرانس، جرمنی اور ملائیشیا موجود ہیں۔ گروپ سی میں آسٹریلیا، اسپین، آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
پاکستان گروپ ڈی میں انگلینڈ، انڈیا اور ویلز کے ساتھ موجود ہے۔
ٹورنامنٹ میں روایتی کوارٹر فائنلز کی جگہ نیا کراس اوور گروپ فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے کے بعد ٹیمیں گروپس ایچ تک مختلف گروپس میں منتقل ہوں گی۔

پاکستان آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن)

 آٹھ سال بعد ورلڈ کپ میں واپسی
پاکستان آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے۔ گرین شرٹس 2023 کے ایڈیشن کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکے تھے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں واقع ویگنر ہاکی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ابوبکر محمود کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم 17 اگست کو ویلز جبکہ 19 اگست کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔
چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ٹیم نے نیدرلینڈز میں تیاریوں کے دوران مختلف موسمی اور کھیل کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے وارم اپ میچز بھی کھیلے۔
پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 3-1 سے شکست ہوئی جبکہ جاپان کے خلاف گرین شرٹس نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم 19 اگست کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

 انگلینڈ اور انڈیا کے خلاف مشکل چیلنج
پاکستان کے لیے گروپ مرحلہ آسان نہیں ہوگا۔ گرین شرٹس کو 2025-26 ایف آئی ایچ پرو لیگ میں انگلینڈ اور انڈیا کے خلاف شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ چار مختلف ممالک میں کھیلے گئے چار مرحلوں کے تمام 16 میچوں میں پاکستان کو ناکامی ہوئی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ ورلڈ کپ کے سابقہ مقابلوں میں آٹھ مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں۔ انگلینڈ نے چار میچ جیتے ہیں جبکہ پاکستان کو دو مقابلوں میں کامیابی ملی جبکہ دو میچ بے نتیجہ رہے۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ایک یادگار کامیابی 1998 کے ورلڈ کپ میں سامنے آئی تھی، جب گرین شرٹس نے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو 7-5 سے شکست دی تھی۔
نیدرلینڈز میں موسم بھی پاکستانی ٹیم کے لیے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ملک میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے، تاہم آئندہ دنوں میں موسم نسبتاً خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
ادھر انڈیا  سنیچر کو ہی ویلز کے خلاف اپنے پہلے میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے فتح حاصل کی ہے۔
سنیچر کو گروپ بی کے دیگر میچز میں دفاعی چیمپئن جرمنی کا مقابلہ ملائیشیا جبکہ بیلجیئم کا سامنا فرانس سے ہوگا۔
 

شیئر: