’20 برس بعد بین الاقوامی ہاکی ٹیم کی آمد‘، پاکستان اور جنوبی کوریا کے بیچ کتنے میچ ہوں گے؟
منگل 28 جولائی 2026 11:32
پاکستان اور کوریا کی ٹیموں کے درمیان چار میچوں پر مشتمل سیریز ہو گی (فوٹو: پاکستان ہاکی فیڈریشن)
جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی ہے جو پاکستان کے خلاف چار میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
منگل کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کورین ٹیم پیر کی رات کو اسلام آباد پہنچی۔
بیان کے مطابق ’یہ دورہ پاکستان ہاکی کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے، کیونکہ تقریباً 20 سال کے بعد پہلی بار کسی بین الاقوامی ہاکی ٹیم نے رسمی دوطرفہ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔‘
بیان میں اس دورے کو ’محفوظ اور پیشہ ورانہ ماحول میں عالمی سطح کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے پاکستان کی صلاحیت پر بین الاقوامی ہاکی کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی‘ قرار دیا گیا ہے۔
ایف آئی ایچ سے منظور شدہ چاروں ٹیسٹ میچز 30 جولائی، دو اگست، چار اگست اور سات اگست کو اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔
یہ سیریز دونوں ٹیموں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین تجربہ فراہم کرے گی اور آنے والے اہم عالمی مقابلوں کے لیے پاکستان کی تیاریوں میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے پیر کی رات پہنچنے والی مہمان ٹیم کا استقبال کیا اور اس دورے کو پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر سے ہاکی کے شائقین کو بڑی تعداد میں میچز دیکھنے اور قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کی دعوت دی ہے کیونکہ پاکستان بین الاقوامی ہاکی کی دنیا میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھا رہا ہے۔
