Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

10 سال کے طویل تعلق کے بعد مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی شادی

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی ملاقات سنہ 2016 میں میڈرڈ میں ہوئی (فوٹو: انسٹاگرام)
عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز نے تقریباً ایک دہائی پر محیط تعلق کے بعد شادی کرلی ہے۔
منگل کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں رونالڈو اور جارجینا ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے جس میں میں ان کے پانچ بچے بھی شریک ہوئے۔
رونالڈو نے انسٹاگرام پر شادی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کے ساتھ شادی کی انگوٹھیوں والی تصویر شیئر کی اور اس کے کیپشن میں لکھا ’سی لوو جی۔‘
رونالڈو کے نمائندے نے بھی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دونوں اب باضابطہ طور پر میاں بیوی ہیں۔‘
یہ شادی منگنی کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ جارجینا نے گزشتہ برس سوشل میڈیا پر اپنی منگنی کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ہاں، میں ہاں کہتی ہوں، اس زندگی میں بھی اور اپنی تمام زندگیوں میں بھی۔‘
رپورٹس کے مطابق ان کی منگنی کی انگوٹھی کی مالیت تقریباً 15 لاکھ پاؤنڈ (تقریباً دو ملین ڈالر) بتائی گئی تھی۔

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی پہلی ملاقات

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی ملاقات سنہ 2016 میں میڈرڈ میں ہوئی تھی جہاں جارجینا ایک معروف فیشن برینڈ ’گُچی‘ کے سٹور میں کام کرتی تھیں۔ دونوں نے اگلے برس اپنے ریلیشن شپ کو عوامی سطح پر ظاہر کیا۔
اس جوڑے کی دو بیٹیاں الانا مارٹینا اور بیلا ایسمرالڈا ہیں، جبکہ جارجینا رونالڈو کے دیگر تین بچوں، کرسٹیانو جونیئر، ایوا اور میٹیو کی پرورش میں بھی اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔
سنہ 2022 میں جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ جارجینا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کے دوران ان کا بیٹا اینجل انتقال کرگیا، جبکہ اس کی جڑواں بہن بیلا صحت مند رہی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
رونالڈو اور جارجینا کی شادی کی افواہیں گزشتہ کئی برسوں سے گردش کرتی رہی ہیں۔ سنہ 2024 میں رونالڈو نے ایک گفتگو کے دوران جارجینا کو اپنی ’بیوی‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا، جس کے بعد شادی کی قیاس آرائیوں نے مزید زور پکڑا، تاہم اس وقت ان کے نمائندے نے شادی کی تصدیق نہیں کی تھی۔
اب تقریباً دس سالہ رفاقت کے بعد دونوں نے باضابطہ طور پر ازدواجی زندگی کا آغاز کردیا ہے۔

شیئر: