Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پینٹاگون پر تنقید، عسکری اخبار ’سٹارز اینڈ سٹرائپس‘ کے چیف ایڈیٹر اور پبلشر برطرف

اخبار کی رپورٹر لارا کورٹے کو بھی نوکری سے نکال دیا گیا ہے(فائل فوٹو: سٹار اینڈ سٹرائپس)
امریکی وزارتِ دفاع (پینٹاگون) نے ملک کی سِول وار کے دور سے امریکی فوج کی کوریج کرنے والے معروف خودمختار اخبار ’سٹارز اینڈ سٹرائپس‘کے چیف ایڈیٹر اور پبلشر کو پینٹاگون کی مداخلت پر تنقید کرنے کے بعد عہدوں سے برطرف کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اخبار کے چیف ایڈیٹر ایرک سلیون نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ انہیں پینٹاگون کے ساتھ اختلافات پر دیے گئے ایک انٹرویو کے بعد ’عدم اطاعت‘ کے الزام میں برطرف کیا گیا۔
رواں برس کے آغاز میں وزارتِ دفاع نے اعلان کیا تھا کہ وہ اخبار کی پالیسی کو اداراتی مداخلت سے پاک کرنے کی بجائے مخصوص نظریاتی اثرات سے دور رکھنا چاہتی ہے۔
سی بی ایس کے مطابق اخبار کے پبلشر میکسن لیڈرر، جنہوں نے محض تین روز قبل ہی اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا، کو بھی برطرفی کا نوٹس تھما دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اخبار کی رپورٹر لارا کورٹے کو بھی اسی پاداش میں نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
لارا نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ایک صحافی کو یہ کہہ کر حکم عدولی کی کہ ’وہ پینٹاگون یا کسی پالیسی ساز کی نہیں بلکہ اپنے اخبار کی ملازم ہیں۔‘
یہ تادیبی اقدام اس رپورٹ کی اشاعت کے چند روز بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکی بحری جہاز 'یو ایس ایس ابراہام لنکن‘ کے عملے کی ابتر حالت زار کو اجاگر کیا گیا تھا۔
اس رپورٹ کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران سے متعلق جنگی حکمتِ عملی پر ازسرِ نو تنقید شروع ہو گئی تھی۔
ادارتی خودمختاری اور پینٹاگون کا اثر و رسوخ
اگرچہ اس اخبار کو مالی امداد کا کچھ حصہ وزارتِ دفاع سے ملتا ہے تاہم اس نے طویل عرصے سے اپنی اداراتی خودمختاری برقرار رکھی ہے۔
اس اخبار کے چیف ایڈیٹر ایرک سلیون نے حال ہی میں پینٹاگون کی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پینٹاگون کے تیار کردہ مواد کو سچ پر فوقیت دینا ان کے لیے ناقابل قبول ریڈلائن ہے۔
پبلشر میکسن لیڈرر نے پینٹاگون کے نئے منصوبوں سے اپنے بنیادی اختلافِ رائے کے باعث 30 ستمبر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
پبلشر کے نائب کے طور پر فعال بحری کپتان ولیم اربن کی تعیناتی کو ڈیموکریٹ قانون سازوں نے اخبار کی آزادی ختم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
2025 میں پینٹاگون کی قیادت سنبھالنے والے امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ ذرائع ابلاغ پر مسلسل سخت تنقید کرتے رہے ہیں۔

شیئر: