Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی حکام سے ’مثبت اور نتیجہ خیز‘ ملاقاتیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ ایران مکمل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر سمیت اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری ریڈیو نے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کی ان سفارتی کوششوں کے سلسلے کی کڑی ہے جن کا مقصد امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے علاوہ حصول امن کے راستے کی تلاش اور خطے میں جاری بدامنی کا مستقل خاتمہ کرنا ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم لیڈر کے نمائندہ برائے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل محسن رضائی، پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
منگل کو علی الصبح ان کی جانب سے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ایرانی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات بہت مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔
ان کے مطابق ’ہماری بات چیت میں ایران امریکہ تنازع، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آگے بڑھنے کے حوالے سے تبادلۂ خیال ہوا۔ ان کے مطابق ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے ضروری اقدامات سے متعلق بھی بات چیت ہوئی تاکہ تنازع کا جامع حل تلاش کیا جا سکے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے کھل کر اپنی حکومت کا موقف اور خدشات بیان کیے اور ہم نے متعلقہ معاملات پر تعمیری انداز میں بات چیت کی۔‘
محسن نقوی کے بقول ’ملاقات میں اہم پیشرفت ہوئی اور یہ انتہائی مثبت ماحول میں اختتام تک پہنچی، ہمیں امید ہے کہ اس پیشرفت سے مزید اقدامات اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی راہ ہموار ہو گی۔‘
ملاقاتوں میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کو جلد از جلد ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بات چیت بھی ہوئی۔
دونوں جانب سے علاقائی امن اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلۂ کیا گیا۔
ایران کی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
 

شیئر: