Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی ڈاکٹر حنان حسن بلخی کو عالمی ادارۂ صحت کی ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے نامزدگی

ڈاکٹر بلخی کا سب سے اہم کردار عالمی ادارہ صحت کے مشرقی بحیرہِ روم کے لیے بطور ریجنل ڈائریکٹر منتخب ہونا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
مملکت سعودی عرب نے 2027 سے 2032 کی مدت کے لیے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے ڈاکٹر حنان حسن بلخی کو نامزد کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ نامزدگی عالمی ادارۂ صحت میں سعودی عرب کے اہم کردار کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کو مضبوط کرنے اور دیگر ممالک کو موثر، پائیدار اور مستحکم ہیلتھ سسٹم بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے جو حالیہ اور مستقبل کے صحت کے مسائل کے حل بیان کر سکیں۔
یہ سعودی عرب کے اس پختہ عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ وہ کثیر الجہتی صحت تعاون کی حمایت اور بین الاقوامی کوششوں میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
ان کوششوں کا مقصد پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل میں مدد کے لیے، صحت کی ہنگامی صورتحال سے بچاؤ، تیاری اور اس پر ردعمل کو مضبوط بنانا، سب کے لیے صحت کی سہولیات (یونیورسل ہیلتھ کوریج) کو فروغ دینا اور سب سے زیادہ ضرورت مند برادریوں تک صحت کی خدمات کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
ڈاکٹر بلخی عمومی صحت، متعدی بیماریاں، انفیکشن سے بچاؤ اور کنٹرول، ہیلتھ سکیورٹی، ہیلتھ سسٹمز اور بین الاقوامی صحت کے شعبوں میں وسیع سائنسی اور لیڈرشپ کا تجربہ رکھتی ہیں۔
ان کے پاس عالمی ادارۂ صحت کے تینوں لیولز ملکی، علاقائی اور عالمی سطح پر قیادت کا بڑا تجربہ موجود ہے۔

ان کا سب سے اہم کردار عالمی ادارہ صحت کے مشرقی بحیرۂ روم کے لیے بطور ریجنل ڈائریکٹر منتخب ہونا ہے جبکہ وہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے لیے پہلی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکی ہیں۔
اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے معاشرے کے تحفظ اور صحتی نظام کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے مقصد سے تیار کیے گئے متعدد اقدامات اور پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے ڈاکٹر بلخی کی نامزدگی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ سعودی عرب عالمی ادارۂ صحت کی مسلسل ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے، رکن ممالک کی ضروریات کے مطابق ادارے کی مؤثر انداز میں ردِعمل دینے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے، مساوات، شفافیت اور کارکردگ کے اصولوں کو برقرار رکھنے، اور ایسی مؤثر بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ کا خواہاں ہے جو دنیا بھر میں صحت اور فلاح و بہبود کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں۔
 

 

شیئر: