وژن 2030 کا اہم سنگِ میل: حائل کو ڈبلیو ایچ او کے ’صحت مند شہر‘ کا درجہ حاصل
حائل ریجن کے گورنر شہزادہ عبدالعزیز بن سعد بن عبدالعزیز نے کل المغوہ مرکز میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی جو حائل کو عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے صحت مند شہر کے طور پر نامزد کیے جانے کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس تقریب میں وزیرِ صحت فہد الجلاجل اور متعدد دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران ’ہیلتھی سٹیز پروگرام‘ کے مقاصد کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا، ساتھ ہی ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی جنہوں نے صحت کے اشاریوں کو بہتر بنانے اور سعودی وژن 2030 کے مطابق معیارِ زندگی کو بہتر کرنے میں کردار ادا کیا۔
ایک پریزنٹیشن میں حائل کے اس اعزاز تک پہنچنے کے سفر کو نمایاں کیا گیا جس میں عوامی صحت کے میدان میں کامیابیوں، صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ اور صحت کے لیے معاون شہری ماحول کی ترقی کو پیش کیا گیا۔
وزیرِ صحت فہد الجلاجل نے کہا کہ یہ نامزدگی صحت کے اشاریوں میں ہونے والی پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے جو مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مملکت میں صحت مند شہروں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی ہے۔

تقریب کے اختتام پر گورنر کو عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے ’ہیلتھی سٹی‘ کی اسناد دی گئیں اور اس عمل میں حصہ لینے والے اداروں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔