لِیپ 2026 میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس کی جانب سے کانٹیکٹ لیس ای گیٹ کی نمائش
وزارت داخلہ کے پویلین میں آنے والے شائقین نے بین الاقوامی اڈوں پر استعمال ہونے والی اس خودکار ای گیٹ کا پروسیس دیکھا (فوٹو: ایس پی اے)
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے 31 اگست سے تین ستمبر تک ریاض کے شمالی علاقے ملہم میں واقع ریاض ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقدہ لِیپ 2026 کے دوران وزارت داخلہ کے پویلین میں کانٹیکٹ لیس ای گیٹ کی نمائش کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارت کے پویلین میں آنے والے شائقین نے بین الاقوامی اڈوں پر استعمال ہونے والی اس خودکار ای گیٹ کا پروسیس دیکھا۔
یہ جدید گیٹ مسافروں کو بغیر کسی لمس کے، صرف سمارٹ ریڈر کے سامنے اپنے ہاتھ کی ہتھیلی کا اشارہ کر کے گزرنے کی اجازت دیتا ہے۔ نظام خود بخود مسافر کی شناخت کی تصدیق کر کے دروازہ کھول دیتا ہے جس سے نہ تو سفری دستاویزات دکھانے کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی فنگر پرنٹ سکیننگ کی۔
نمائش کے دوران ڈائریکٹوریٹ نے ایسے متعدد جدید ڈیجیٹل حل پیش کیے جو بین الاقوامی اڈوں پر مسافروں کی آمد و رفت کو آسان بناتے ہیں۔
یہ اقدامات ڈیجیٹل نظام کو بہتر بنانے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کی کارکردگی اور صارفین کے تجربے کو مزید عمدہ بنانے کی کاوشوں کا حصہ ہیں۔
