Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈز ہارنڈ وائپر: شمالی سعودی عرب کے صحرائی ماحول سے مطابقت رکھنے والا سانپ

اس سانپ کا بھورا اور سرمئی رنگ آس پاس کی مٹی اور چٹانوں سے بالکل ملتا جلتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
فیلڈز ہارنڈ وائپر جسے فالس ہارنڈ وائپر بھی کہا جاتا ہے، مشرق وسطیٰ کا ایک صحرائی سانپ ہے۔ اس نوع کو شمالی سعودی عرب میں بھی دیکھا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس سانپ کا سر چوڑا اور تکون نما ہوتا ہے جو گردن سے واضح طور پر الگ نظر آتا ہے جبکہ تھوتھنی چھوٹی ہوتی ہے۔ اس کی آنکھوں کے اوپر کئی چھوٹے اور ایک دوسرے پر چڑھے ہوئے چھلکوں سے بنے سینگ نما ابھار ہوتے ہیں جو اس کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہیں۔ 
اس کی ایک اور خاص بات دم کا سرا گہرا تقریباً سیاہ رنگ کا ہونا ہے۔
اس کا بھورا اور سرمئی رنگ آس پاس کی مٹی اور چٹانوں سے بالکل ملتا جلتا ہے جس سے یہ موثر انداز میں چھپ سکتا ہے۔ یہ سانپ خشک ماحول میں رہتا ہے اور یہ کھلے ریت کے ٹیلوں کے بجائے سخت چٹانی زمین پر رہنا زیادہ پسند کرتا ہے۔

ماحول کی حفاظت کی تنظیم امان انوائرنمنٹل ایسوسی ایشن کے رکن عدنان خلیفہ نے بتایا کہ یہ سانپ چوہوں، چھپکلیوں اور پرندوں کا شکار کرتا ہے اور شکار کی دستیابی پر فعال انداز میں حملہ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سانپ صحرائی ماحولیاتی نظام کی بائیو ڈائیورسٹی کا اہم حصہ ہے اور غذائی زنجیر میں ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

عدنان خلیفہ نے خبردار کیا کہ اگر یہ سانپ نظر آئے تو اس کے قریب جانے، اسے گھیرنے یا پکڑنے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، سانپ کو اشتعال دینے سے گریز کریں اور انسانوں اور جانور دونوں کی حفاظت کے لیے سکون سے اس جگہ سے دور ہٹ جائیں۔

 

شیئر: