’ہواوے‘ کے نئے فولڈ ایبل سمارٹ فون ’میٹ ایکس ٹی ٹو‘ کی خصوصیات کیا ہیں؟
’ہواوے‘ کے نئے فولڈ ایبل سمارٹ فون ’میٹ ایکس ٹی ٹو‘ کی خصوصیات کیا ہیں؟
پیر 7 ستمبر 2026 18:51
’ہواوے‘ کی نئی ’میٹ ایکس ٹی ٹو‘ سیریز کے فونز دو مرتبہ فولڈ اور ان فولڈ ہو سکتے ہیں (فوٹو: ہواوے سینٹرل)
چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’ہواوے‘ نے اپنا نیا فلیگ شپ فولڈ ایبل سمارٹ فون سیریز ’میٹ ایکس ٹی ٹو‘ متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے کمپنی چین کی پریمیم سمارٹ فون مارکیٹ میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب ٹیکنالوجی کمپنی ’شیاؤمی‘ اور ’ایپل‘ بھی اپنے نئے سمارٹ فونز متعارف کرانے کی تیاری میں ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ’ہواوے‘ کی نئی ’میٹ ایکس ٹی ٹو‘ سیریز کے فونز دو مرتبہ فولڈ اور ان فولڈ ہو سکتے ہیں، جس کے بعد یہ ٹیبلٹ کے حجم کی سکرین میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ ان فونز میں ’ہواوے‘ کا نیا کِرن 9050 پرو چپ نصب کیا گیا ہے۔
تاہم، جدید ٹیکنالوجی کے باعث ان فونز کی قیمت بھی خاصی زیادہ رکھی گئی ہے۔ ’میٹ ایکس ٹی ٹو‘ کی ابتدائی قیمت 19 ہزار 999 یوآن، یعنی تقریباً دو ہزار 980 ڈالر ہے، جبکہ مہنگے ترین ماڈل کی قیمت 24 ہزار 999 یوآن، تقریباً تین ہزار 725 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ان فونز کی فروخت 12 ستمبر سے شروع ہوگی۔
’ہواوے‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رچرڈ یو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’میموری کی قیمتوں میں نمایاں اضافے اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث قیمتوں کا تعین ایک بڑا چیلنج تھا۔‘
کمپنی کے مطابق ’نئے چپ کا ڈیزائن کم بجلی استعمال کرتے ہوئے زیادہ کمپیوٹنگ پاور فراہم کرتا ہے۔ یہ ڈیزائن لاجک فولڈنگ آرکیٹیکچر پر مبنی ہے، جو ہواوے کے ٹاؤ اسکیلنگ لا اصول کا حصہ ہے۔‘ کمپنی نے یہ ٹیکنالوجی امریکی پابندیوں کے باعث جدید چپ ٹیکنالوجی تک محدود رسائی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے متعارف کرائی تھی۔
’شیاؤمی‘ بھی پیر کو ہواوے کے مقابلے میں اپنا نیا فولڈ ایبل فون متعارف کرانے والی ہے جبکہ ’ایپل‘ بدھ کو اپنی نئی آئی فون سیریز پیش کرے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ایپل بھی فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرا سکتا ہے۔
’ہواوے‘ اس وقت واحد بڑی کمپنی ہے جو ٹرائی فولڈ سمارٹ فون فروخت کر رہی ہے۔ تاہم، امریکی حکومت نے قومی سلامتی کے خدشات کے باعث ’ہواوے‘ کو امریکی مارکیٹ میں فروخت سے روک رکھا ہے۔
’ہواوے‘ کے نئے فون کی رونمائی کے بعد شیاؤمی کے حصص میں دوپہر کے کاروبار کے دوران تین فیصد کمی دیکھی گئی (فوٹو: روئٹرز)
نئے ’میٹ ایکس ٹی ٹو‘ میں فولڈنگ میکانزم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ فون میں پانی سے بہتر تحفظ، پرائیویسی سکرین اور اپ گریڈ شدہ کیمرے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ’ہواوے‘ کا دعویٰ ہے کہ کمپنی کے اپنے ٹیسٹوں کے مطابق یہ فون گزشتہ سیریز کے مقابلے میں 42 فیصد بہتر مجموعی کارکردگی فراہم کرتا ہے۔
مارکیٹ میں ’ہواوے‘ کے نئے فون کی رونمائی کے بعد شیاؤمی کے حصص میں دوپہر کے کاروبار کے دوران تین فیصد کمی دیکھی گئی۔
کنسلٹنسی ادارے آئی ڈی سی کے مطابق ’دوسری سہ ماہی میں ہواوے چین کی سمارٹ فون مارکیٹ میں 22.6 فیصد حصص کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ ایپل 18.1 فیصد کے ساتھ دوسرے اور شیاؤمی 12.4 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔‘
فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں ہواوے کی برتری مزید نمایاں ہے۔ امریکی تحقیقی ادارے ’سمارٹ اینالیٹکس گلوبل‘ کے مطابق دوسری سہ ماہی کے دوران چین میں فولڈ ایبل فونز کی مجموعی شپمنٹس میں ہواوے کا حصہ 68 فیصد رہا۔